PSL2026 کرکٹ

بڑا نام نہیں، پرفارمنس چاہیے! قلندرز نے کمنڈو مینڈس کو سائن کر لیا

لاہور قلندرز نے کمنڈو مینڈس کو ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے ٹیم میں شامل کر لیا

لاہور : لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 12 کے لیے سری لنکا کے آل راؤنڈر کمنڈو مینڈس کو ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ فرنچائز نے باضابطہ اعلان میں کمنڈو مینڈس کو قلندرز فیملی میں خوش آمدید کہا ہے۔

قلندرز انتظامیہ کے مطابق ابتدائی طور پر ڈائریکٹ سائننگ نہ کرنے پر غور کیا جا رہا تھا، کیونکہ ٹیم کے پاس پہلے سے موجود کھلاڑیوں کا ایک مضبوط کور موجود تھا اور گزشتہ پانچ سے چھ برس سے فرنچائز کی پالیسی اپنے ہی کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے اور انہیں زیادہ مواقع دینے کی رہی ہے۔ تاہم ٹیم کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے بعد میں ڈائریکٹ سائننگ کا فیصلہ کیا گیا۔

گزشتہ سیزن میں لاہور قلندرز کا مڈل آرڈر بعض میچز میں مشکلات کا شکار رہا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق ٹیم کو مڈل آرڈر کو مضبوط کرنے والے کھلاڑی کی ضرورت تھی اور کمنڈو مینڈس اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے موزوں ترین انتخاب ثابت ہوئے۔

کمنڈو مینڈس حالیہ دو سیریز میں شاندار فارم میں رہے ہیں۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں اوپنر کی حیثیت سے بھی کھیل چکے ہیں اور مڈل آرڈر میں بھی بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی سب سے نمایاں خصوصیت دونوں ہاتھوں سے باؤلنگ کرنا ہے۔ وہ دائیں اور بائیں دونوں ہاتھوں سے اسپن باؤلنگ کر سکتے ہیں، جو انہیں دیگر کھلاڑیوں سے منفرد بناتی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ڈائریکٹ سائننگ کا فیصلہ صرف شہرت کی بنیاد پر نہیں بلکہ کارکردگی اور ٹیم کی ضرورت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

فنانشل اعتبار سے بھی یہ سائننگ فرنچائز کے لیے فائدہ مند ثابت ہوئی ہے۔ پی سی بی کے قواعد کے مطابق دو لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی ڈائریکٹ سائننگ پر بورڈ کی جانب سے ایک لاکھ ڈالر کا اضافی کنٹریبیوشن دیا جاتا ہے۔ اس سائننگ کے نتیجے میں لاہور قلندرز کو پانچ کروڑ روپے کا اضافی بجٹ بھی حاصل ہوا ہے اور ٹیم کا سیلری کیپ بھی مکمل ہو گیا ہے۔

کمنڈو مینڈس کی شمولیت کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم کا مڈل آرڈر مزید مستحکم ہو گیا ہے۔ فرنچائز کو امید ہے کہ نئے سیزن میں سری لنکن آل راؤنڈر کی آل راؤنڈ کارکردگی ٹیم کے لیے اہم ثابت ہوگی۔

Related Articles


Back to top button