اپنی بیٹنگ کے بارے میں پُراعتماد ہوں، غلطیوں پر جلد قابو پالوں گا: بابر اعظم
اسلام آباد ; (نوازگوھر) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ وہ اپنی بیٹنگ کے بارے میں پُراعتماد ہیں اور غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ جلد آپ کو نظر آئے گا کہ جو رنز رکے ہوئے ہیں وہ دوبارہ آنا شروع ہو جائیں گے۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد پی سی بی پوڈ کاسٹ "اسٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ" میں گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کی کنڈیشنز زیادہ مشکل نہیں تھیں، ڈومیسٹک میں بھی ایسی پچز پر کھیلا ہے، بطور ٹیم آپ کو ہر طرح کی کنڈیشنز کے لیے تیار رہنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور کپتان ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، نئے کھلاڑیوں کا ٹیم کے لیے پرفارم کرنا خوش آئند بات ہے۔ بابر اعظم نے بولرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ثاقب خان نے کنٹرول کے ساتھ بولنگ کروائی، تسلسل سے اچھی گیند بازی کرنے والے بولرز کپتان کے لیے آسانی پیدا کرتے ہیں۔
محمد عباس تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ہر کنڈیشن میں بولنگ کرنا جانتے ہیں، نوجوان فاسٹ بولرز کو ان کے تجربے سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیب عارف اور محمد طحہٰ مختلف قسم کے کھلاڑی ہیں جو ہماری بیٹنگ کا مستقبل ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ٹیمیں نئے بلے بازوں کو بہت زیادہ چیلنج کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان نے سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے شکست دی ہے۔ دونوں ٹیسٹ میچوں کی 3 اننگز میں بطور کپتان انہوں نے 92 رنز بنائے، جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل تھی۔
واضح رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے بابر اعظم نے جونیئر کرکٹ کے مختلف مراحل طے کرنے کے بعد 2015 میں زمبابوے کے خلاف انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل تین ون ڈے سنچریاں بنا کر عالمی توجہ حاصل کی۔
وہ 2018 تک ون ڈے میں تیز ترین دو ہزار اور ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے نمایاں بیٹرز میں شامل ہوئے، جبکہ 2022 میں ٹیسٹ کرکٹ میں چار سنچریوں کی مدد سے 1184 رنز بنا کر دنیا کے سرفہرست تین بیٹرز میں جگہ بنائی۔
2023 اور 2024 کے دوران ٹیسٹ فارم میں اتار چڑھاؤ اور کپتانی سے استعفے کے بعد اب وہ صرف پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔