Games

عائشہ ایاز کے لیے خوشخبری، سرکاری ادارے سے منسلک کرنے کا اعلان

آئی جی ایف سی کی کم عمر تائیکوانڈو چیمپئن عائشہ ایاز سے ملاقات، 4 لاکھ روپے نقد انعام

پشاور: انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (آئی جی ایف سی) خیبرپختونخوا نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے سوات سے تعلق رکھنے والی کم عمر اور بین الاقوامی شہرت یافتہ تائیکوانڈو چیمپئن عائشہ ایاز سے خصوصی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران آئی جی ایف سی نے کھیلوں کے میدان میں عائشہ ایاز کی نمایاں خدمات اور عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

آرمی پبلک اسکول سوات کی جماعت دہم کی طالبہ عائشہ ایاز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے انہیں 4 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا۔ اس موقع پر انہوں نے عائشہ کے والد کی محنت، تربیت اور مسلسل سرپرستی کو بھی سراہا۔

میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے عائشہ ایاز کی مستقبل کی تعلیم میں مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مستقل مالی تعاون کے لیے انہیں کسی سرکاری ادارے سے منسلک کرنے اور پشاور کے علاقے حیات آباد میں خصوصی تربیتی و موٹیویشنل کورس کی سہولت فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

کھیلوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا نارتھ کے اس اقدام کو نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے انتہائی خوش آئند اور مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے 

Related Articles


Back to top button