پٹایا میں پاکستان کا جھنڈا بلند، خرم امتیاز کی سنسنی خیز جیت
آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ماسٹرز: خرم امتیاز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد منگولین حریف کو شکست دے دی
لاہور: تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں جاری آئی ٹی ایف ورلڈ ٹینس ماسٹرز ٹور ٹورنامنٹ میں پاکستان کے سینئر ٹینس اسٹار خرم امتیاز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مینز 55+ سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں فتح حاصل کر لی ہے۔
گریٹا اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے سخت مقابلے میں خرم امتیاز نے منگولیا کے بایسگالان ساندویجاو کو ایک گھنٹہ 50 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 3-6 اور 4-6 سے شکست دی۔ پاکستانی کھلاڑی نے پہلے سیٹ میں برتری حاصل کی، تاہم دوسرے سیٹ میں وہ 4-2 سے پیچھے تھے۔ اس نازک مرحلے پر انہوں نے زبردست کم بیک کیا، لگار چار گیمز جیت کر سیٹ اور میچ اپنے نام کیا۔
دیگر میچوں میں، پاکستان کے فرقان الدین خان کو بھارت کے چوتھے سیڈڈ نشاد جے پرکاش کے خلاف پہلے سیٹ میں 2-2 کی برابری پر کہنی کی پرانی انجری کے باعث ریٹائر ہونا پڑا۔ جبکہ مینز 70+ سنگلز میں پاکستان کے وقار نثار کو جاپان کے یوتکاکا آرائی کے ہاتھوں 0-6، 1-6 سے شکست ہوئی۔
اتوار کو کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں خرم امتیاز کا مقابلہ آسٹریلیا کے تیسرے سیڈڈ ڈیمین پاؤنڈ سے ہوگا۔ دریں اثنا، پاکستانی دستے نے ایونٹ میں شرکت کے لیے اپنے اسپانسرز—دی بینک آف پنجاب، لاہور جمخانہ کلب، جے ڈی ڈبلیو گروپ، ریوائیو بائی گیٹوریڈ اور جمال پولیمرز—کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔