کرکٹ

آئی ایل ٹی 20 کا دھماکے دار آغاز، ایم آئی ایمریٹس نے چیمپئن وائپرز کو 52 رنز سے روند دیا

ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 5: ایم آئی ایمریٹس نے دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کو 52 رنز سے ہرا دیا

دبئی: ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 5 کا آغاز دھماکے دار ہوا۔ افتتاحی میچ میں ایم آئی ایمریٹس نے گزشتہ سیزن کے فائنل کا بدلہ چکاتے ہوئے دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز کو 52 رنز سے شکست دے دی۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ڈیزرٹ وائپرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ایم آئی ایمریٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 174 رنز بنائے۔

 کوشل پریرا نے 40 گیندوں پر 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ محمد وسیم نے 30 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔ دونوں کے درمیان 94 رنز کی اوپننگ شراکت نے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ڈیزرٹ وائپرز کی جانب سے نسیم شاہ نے 24 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں ڈیزرٹ وائپرز کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 19.1 اوورز میں صرف 122 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جو کلارک 28 گیندوں پر 35 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ وریتیا اروند نے 21 رنز بنائے۔ فخر زمان جلد آؤٹ ہوگئے اور باقی بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔

ایم آئی ایمریٹس کی جانب سے کرس جارڈن نے 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور زہور خان نے صرف 13 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس فتح کے ساتھ ایم آئی ایمریٹس نے سیزن کا شاندار آغاز کرتے ہوئے 2 پوائنٹس حاصل کر لیے۔

اس بار ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں — ڈیزرٹ وائپرز، ایم آئی ایمریٹس، ابوظہبی نائٹ رائیڈرز، دبئی کیپٹلز، گلف جائنٹس اور شارجہ واریئرز۔ مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، 

جن میں 30 لیگ میچز اور 4 پلے آف میچز شامل ہیں۔ لیگ دبئی (15 میچز)، ابوظہبی (11 میچز) اور شارجہ (8 میچز) میں کھیلی جائے گی، جبکہ فائنل 20 دسمبر کو دبئی میں ہوگا۔

پاکستانی شائقین کے لیے بڑی خبر یہ ہے کہ بابر اعظم، شاداب خان، فخر زمان اور نسیم شاہ ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کریں گے، جبکہ عثمان طارق ابوظہبی نائٹ رائیڈرز کا حصہ ہیں۔ 

اس کے علاوہ نکولس پوران، راشد خان، سنیل نارائن، فل سالٹ، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ ملر، لیام لیونگ اسٹون، آندرے رسل اور کیرون پولارڈ جیسے عالمی اسٹارز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

Related Articles


Back to top button