محمد رضوان کو سینٹرل کنٹریکٹ کیوں نہیں ملا؟ اصل وجہ سامنے آگئی
محمد رضوان کو سینٹرل کنٹریکٹ کیوں نہیں ملا؟ اصل وجہ سامنے آگئی
اسلام آباد (نوازگوھر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 سیزن کے لیے 38 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دے دیے ہیں، تاہم اس فہرست میں سابق کپتان محمد رضوان، شان مسعود، امام الحق اور صائم ایوب کا نام شامل نہیں ہے۔ اس کے بعد محمد رضوان کو کنٹریکٹ نہ ملنے کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق محمد رضوان اور امام الحق انگلینڈ کے دورے کے دوران ڈریسنگ روم کی معلومات لیک ہونے کے الزامات کی زد میں آئے تھے، جس کے بعد دونوں کو دورے کے درمیان ہی واپس پاکستان بھیج دیا گیا تھا۔
اس معاملے پر پی سی بی کی اندرونی انکوائری کے بعد نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بھی تحقیقات شروع کیں، جس میں دونوں کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کی گئی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی 13 نومبر کو بتا چکے ہیں کہ تحقیقات آخری مراحل میں ہیں اور ایجنسی نے رضوان سے مزید وضاحت طلب کی تھی۔
دوسری جانب پی سی بی کا مؤقف ہے کہ نئی کنٹریکٹ پالیسی فارمیٹ کی بنیاد پر بنائی گئی ہے۔ چیف سلیکٹر عاقب جاوید کے مطابق کنٹریکٹ صرف ان کھلاڑیوں کو دیے گئے ہیں
جو کم از کم کسی ایک فارمیٹ میں ایکٹو ہیں، تاکہ کھلاڑی اپنے متعلقہ فارمیٹ پر توجہ دے سکیں۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے دور میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے پر بھی زور دیا جا رہا ہے، اسی لیے 19 کھلاڑیوں کو ڈیویلپمنٹ کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔
عاقب جاوید نے واضح کیا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کا ٹیم سلیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کی پاکستان کے لیے خدمات موجود ہیں اور جیسے ہی صورتحال سازگار ہوگی، انہیں ٹیم میں منتخب کیا جائے گا۔ جو کھلاڑی پرفارم کرے گا، وہ کسی بھی فارمیٹ میں کھیل سکتا ہے۔
نئی فہرست کے مطابق بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں کے کنٹریکٹ دیے گئے ہیں، جبکہ یہ کنٹریکٹس 30 جون 2027 تک جاری رہیں گے۔