کرکٹ
ایکسون موبل گلوبل سپر لیگ 2026 : لاہور قلندرز عالمی افق پر ایک بار پھر چھاجانے کو تیار
ایکسون موبل گلوبل سپر لیگ 2026 : لاہور قلندرز عالمی افق پر ایک بار پھر چھاجانے کو تیار
لاہور— پی ایس ایل کی تین بار کی چیمپئن اور دنیا کی معروف ترین کرکٹ فرنچائز لاہور قلندرز نے ایکسون موبل گلوبل سپر لیگ (جی ایس ایل) میں شرکت کی تصدیق کرکے ایک بارپھر انٹرنیشنل لیول پر اپنی واپسی کا اعلان کردیا۔ جی ایس ایل 23 جولائی سے یکم اگست 2026 تک گیانا نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جس میں دنیا بھر کی صفِ اول کی فرنچائزز حصہ لیں گی۔ اس سے قبل لاہور قلندرز ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن کا بھی حصہ رہ چکی ہے۔ ٹورنامنٹ میں ان کی دوبارہ شمولیت انٹرنیشنل کرکٹ میں فرنچائز کے بڑھتے ہوئے مقام اور مختلف لیگز کے درمیان مقابلوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، جو کھیل کے مستقبل کو بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ فرنچائز کرکٹ کی دنیا میں لاہور قلندرز کا شمار سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اور کمرشلی طور پر کامیاب ٹیموں میں ہوتا ہے، جنہوں نے شائقین کے ساتھ گہرے تعلق کی بنیاد پر ایک مضبوط برانڈ بنایا ہے۔ کمرشل طور پر کامیابی اور عالمی مقبولیت کی وجہ سے فرنچائز کی ویلیو میں بھی تبدیلی ہوئی ہے ۔ آزادانہ چارٹرڈ فرم EY MENA (ارنسٹ اینڈ ینگ) نے بھی لاہور قلندرز کو پاکستان سپر لیگ کی سب سے ویلیوایبل ٹیم قرار دیا ہے۔ اسی ساکھ کے ساتھ لاہور قلندرز کی جی ایس ایل میں شرکت ٹورنامنٹ کو مزید وقعت فراہم کرے گی۔ لاہور قلندرز کے ٹیم اونر، ثمین رانا نے کہا: “ہم ایکسون موبل گلوبل سپر لیگ میں واپسی پر بے حد خوش ہیں۔ افتتاحی ایڈیشن اعلیٰ معیار کی کرکٹ اور عالمی روابط کے لیے ایک شاندار پلیٹ فارم تھا، اور ہمیں ایک بار پھر اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہمیں اپنی صلاحیت، ثقافت اور مقصد کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ مجھے اس سال اپنے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو جی ایس ایل میں متعارف کرانے کا شدت سے انتظار ہے۔” گلوبل سپر لیگ کے چیئرمین، کلائیو لائیڈ نے کہا: “ لاہور قلندرز کو گلوبل سپر لیگ میں دوبارہ خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔لاہور قلندرز انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی سب سے کامیاب فرنچائزز میں سے ایک ہے، جن کے پاس پرجوش فینز کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ان کی شمولیت ٹورنامنٹ کے معیار اور وقار میں نمایاں اضافہ کرے گی ۔” دنیا بھر سے صفِ اول کے کھلاڑیوں کی شرکت کے ساتھ، ایکسون موبل گلوبل سپر لیگ خود کو ایک نمایاں عالمی فرنچائز مقابلے کے طور پر مسلسل مستحکم کر رہی ہے۔ جی ایس ایل کے لئے لاہور قلندرز کے اسکواڈ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔