ہاکی

ایک سال میں 5 ہیڈ کوچز: پاکستان ہاکی ٹیم کا انوکھا ریکارڈ

 ایک سال میں 5 ہیڈ کوچز: پاکستان ہاکی ٹیم کا انوکھا ریکارڈ

اسلام آباد: موجودہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دور میں قومی سینئر ہاکی ٹیم کی کوچنگ ذمہ داری اب تک 5 مختلف ہیڈ کوچز کے سپرد کی جا چکی ہے۔ 

فروری 2026 میں خواجہ جنید سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ اب سلطان اذلان شاہ کپ کے لیے ڈینیئل بیری تک پہنچ گیا ہے۔ آئی پی سی کے سیکرٹری محی الدین احمد وانی نے 19 فروری 2026 کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ 

اس کے بعد 25 فروری کو خواجہ جنید کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا، جن کی نگرانی میں پاکستان نے مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر میں جاپان کو شکست دے کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔

خواجہ جنید کے بعد 7 اپریل کو اولمپئن منظور الحسن سینئر کو ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا، ان کے بعد 3 جولائی کو ڈچ کوچ ہرمین کروئس کو نیشنل ہاکی کوچنگ ایڈوائزر اور ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی۔

 تاہم ورلڈ کپ سے قبل کوچنگ سیٹ اپ میں تبدیلی کرتے ہوئے گول کیپنگ کوچ باب جان ویلڈہوف کو ترقی دے کر ہیڈ کوچ بنا دیا گیا، جبکہ ہرمین کروئس کو کوچنگ ایڈوائزر بنا دیا گیا۔

اگست 2026 میں ہالینڈ اور بیلجیئم میں منعقدہ ایف آئی ایچ ورلڈ کپ میں پاکستان نے باب جان ویلڈہوف کی زیر نگرانی 11ویں پوزیشن حاصل کی۔ 

بعد ازاں ایشین گیمز کے لیے ہرمین کروئس نے دوبارہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالی، جبکہ باب ویلڈہوف نے مصروفیات کے باعث جاپان جانے سے معذرت کی۔

اب 20 سے 28 نومبر تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں ہونے والے 32ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے لیے ڈینیئل بیری کو قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ 

ان کی نگرانی میں قومی سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا مشترکہ کیمپ جاری ہے، جبکہ اسسٹنٹ فزیکل ٹرینر نجیب خٹک بھی کوچنگ اسٹاف کا حصہ ہیں۔

یوں قومی ٹیم کی کوچنگ پانچ مختلف شخصیات، خواجہ جنید، منظور الحسن سینئر، ہرمین کروئس، باب جان ویلڈہوف اور ڈینیئل بیری کے ہاتھوں میں رہی۔

Related Articles


Back to top button