کرکٹ

صرف آسٹریلیا نہیں، پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ بھی بال ٹیمپرنگ کرتے تھے ؛ عثمان خواجہ

صرف آسٹریلیا نہیں، پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ بھی بال ٹیمپرنگ کرتے تھے ؛ عثمان خواجہ

سڈنی: سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔

عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ اس وقت یعنی 2018 میں عالمی کرکٹ کی کئی ٹیمیں گیند کی حالت خراب کرنے کے عمل میں ملوث تھیں، جن میں پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ بھی شامل تھے۔

پوڈ کاسٹ 'دی گریڈ کرکٹر' میں بات کرتے ہوئے خواجہ نے کہا کہ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ سے پہلے آسٹریلوی ٹیم میں بھی بال ٹیمپرنگ کو معمول سمجھا جانے لگا تھا اور کھلاڑی اس معاملے پر زیادہ حساس نہیں تھے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ جب کیمرون بینکرافٹ سینڈ پیپر لے کر میدان میں جانے لگے تو انہوں نے انہیں روکا نہیں بلکہ صرف محتاط رہنے کا کہا۔ ان کے مطابق بارش کے دوران گیند کا غیر معمولی سوئنگ امپائرز کی توجہ کھینچ سکتا تھا۔

اپنی کتاب 'صبر' کا حوالہ دیتے ہوئے خواجہ نے دعویٰ کیا کہ جنوبی افریقی کھلاڑی بھی اس عمل میں ملوث تھے۔ انہوں نے خاص طور پر کگیسو ربادا کے ریورس سوئنگ کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کے خلاف بیٹنگ کرنا انتہائی مشکل تھا۔

عثمان خواجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے خلاف میچوں میں بھی انہوں نے ریورس سوئنگ پیدا کرنے کے لیے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوتے دیکھا، تاہم انہوں نے اپنے دعوے کی حمایت میں کوئی ٹھوس تفصیلات پیش نہیں کیں۔

خواجہ کے مطابق اس دور میں استعمال ہونے والی پرانی کوکابورا گیندوں کی صرف ایک تہہ ہوتی تھی، جس کی وجہ سے گیند جلدی خراب ہو جاتی تھی اور ریورس سوئنگ آسان ہو جاتی تھی۔

واضح رہے کہ 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

"دوسری جانب سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھی وزڈن کے پوڈ کاسٹ 'دی سکوپ' میں کہا ہے کہ پاکستان کے کھلاڑی سینڈ پیپر نہیں بلکہ بوتل کے ڈھکن استعمال کرتے تھے۔"

عثمان خواجہ کے حالیہ بیانات نے کرکٹ کے حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، تاہم پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقا سے متعلق ان کے دعوے آزادانہ طور پر ثابت نہیں ہوئے۔

Related Articles


Back to top button