ایک ٹیسٹ میں 9 ڈیبیو، پاکستان کا 73 سال پرانا ریکارڈ آج بھی قائم
ایک ٹیسٹ میں 9 ڈیبیو، پاکستان کا 73 سال پرانا ریکارڈ آج بھی قائم
راولپنڈی(آئی این پی)پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک ہی ٹیسٹ میچ میں سب سے زیادہ نئے کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا ریکارڈ 1952 میں بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کا ہے
جب قومی ٹیم کے 9 کھلاڑیوں نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ یہ تاریخی مقابلہ 16 اکتوبر 1952 کو نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔
پاکستان نے ماضی میں 1969-70 میں نیوزی لینڈ، 1982 میں سری لنکا، 2000 میں نیوزی لینڈ اور 2003 میں بنگلہ دیش کے خلاف بھی ایک ہی ٹیسٹ میچ میں چار چار کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرایا تھا۔
اسی طرح 2022 میں انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں بھی چار پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
واضح رہے کہ 1952 میں بھارت کے خلاف پاکستان کے پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے 9 کھلاڑیوں میں سے عبدالحفیظ کاردار اور امیر الٰہی اس سے قبل بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے تھے۔ پاکستان نے یہ تاریخی مقابلہ ایک اننگز اور 70 رنز سے ہارا تھا۔
یوں سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں چار کھلاڑیوں کا ڈیبیو پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور اہم اضافہ ہے تاہم ایک میچ میں سب سے زیادہ کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرانے کا ریکارڈ بدستور 1952 کے پہلے ٹیسٹ کے پاس ہے۔