عرفات منہاس کا فرسٹ کلاس میں شاندار ریکارڈ، 17 میچوں میں 941 رنز اور 22 وکٹیں
نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے فرسٹ کلاس میں دھوم مچا دی
عرفات منہاس کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں نمایاں ریکارڈ، 17 میچوں میں 941 رنز اور 22 وکٹیں حاصل کیں
راولپنڈی (آئی این پی)سری لنکا کے خلاف پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی قابل ذکر ریکارڈ ہے
جہاں انہوں نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ملتان سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ عرفات منہاس نے اب تک 17 فرسٹ کلاس میچوں میں پاکستان کی مختلف ڈومیسٹک ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے 941 رنز اسکور کیے ہیں۔
ان کی بیٹنگ اوسط 32.45 ہے جبکہ ان کا بہترین انفرادی اسکور 152 ناٹ آؤٹ ہے۔ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔
بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے عرفات منہاس نے بولنگ کے شعبے میں بھی 22 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ ان کی بولنگ اوسط 32.36 اور بہترین انفرادی کارکردگی 43 رنز کے عوض 4 وکٹیں ہے۔
عرفات منہاس نے 10 دسمبر 2022 کو سندھ کے خلاف سدرن پنجاب کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔ وہ پاکستان انڈر 19 اور پاکستان شاہینز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
عرفات منہاس بائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور سلو لیفٹ آرم آرتھوڈوکس بولنگ کرتے ہیں۔ آل راؤنڈر کی حیثیت سے ان کی صلاحیتیں انہیں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کرکٹرز میں شامل کرتی ہیں۔