نیا ریکارڈ، نیا ہیرو، طیب عارف نے ڈیبیو سیزن میں 727 رنزبنا کر گرین شرٹ کے حقدار بن گئے
طیب عارف کا مختصر فرسٹ کلاس کیریئر، پہلے ہی سیزن میں 727 رنز بنا کر قومی ٹیم میں جگہ بنا لی
راولپنڈی (آئی این پی)پاکستان کے نوجوان بلے باز محمد طیب عارف نے اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کے ابتدائی سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنا لی۔
انہوں نے محض سات میچوں میں 727 رنز اسکور کیے اور اپنی بیٹنگ سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعدادوشمار کے مطابق طیب عارف نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں کنگز مین اکیڈمی کی نمائندگی کرتے ہوئے سات میچوں کی 13 اننگز میں 66.09 کی اوسط سے 727 رنز بنائے۔
ان کی اننگز میں تین سنچریاں اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا بہترین انفرادی اسکور 122 رنز رہا۔طیب عارف نے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز ستمبر 2026 میں کیا۔
انہوں نے اپنی پہلی ہی فرسٹ کلاس مہم میں مسلسل عمدہ کارکردگی دکھائی اور ٹورنامنٹ کے نمایاں بلے بازوں میں شامل رہے۔سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے طیب عارف 11 اکتوبر 2006 کو پیدا ہوئے۔
انہوں نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی بھی نمائندگی کی اور عمر کے مختلف مراحل میں سیالکوٹ اور سینٹرل پنجاب کی ٹیموں کی جانب سے کرکٹ کھیلی۔
دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے طیب کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ابتدائی کامیابی نے انہیں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں جگہ دلائی۔ ان کا انتخاب پاکستان کرکٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے کی کوششوں کا حصہ بھی ہے۔