کرکٹ

کنیئرڈ کالج نے لاہور بورڈ انٹر کالجیٹ گرلز کرکٹ چیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل جیت لیا

کنیئرڈ کالج نے لاہور بورڈ انٹر کالجیٹ گرلز کرکٹ چیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل جیت لیا

لاہور: کنیئرڈ کالج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور بورڈ انٹر کالجیٹ گرلز کرکٹ چیمپئن شپ 2026 کے فائنل میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کو 8 وکٹوں کے واضح مارجن سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

کنیئرڈ کالج کے گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز اسکور کیے۔ 

صوفیہ 25 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ عاطفہ نے 15 رنز کا اضافہ کیا۔ کنیئرڈ کالج کی جانب سے بولرز نے نپی تلی اور مؤثر بولنگ کی، جس میں ایمان ایوب نے 23 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہادیہ منہا اور آمنہ خالد نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں 105 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کنیئرڈ کالج کی بیٹرز نے انتہائی ذمہ دارانہ اور پراعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف محض 15.2 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنا کر باآسانی حاصل کر لیا۔ 

فاتح ٹیم کی جانب سے آمنہ خالد نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 رنز اسکور کیے، طیبہ 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ فریحہ ارشد نے 17 رنز بنا کر ہوم ٹیم کی یادگار فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔

Related Articles


Back to top button