کرکٹ

پی ایس ایل 12: کراچی کنگز نے عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر عادل راشد کو سائن کر لیا

پی ایس ایل 12 کے لیے کراچی کنگز کی بڑی سائننگ، عادل راشد کنگز کا حصہ بن گئے

کراچی / سپورٹس لنک ڈیسک – کراچی کنگز نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگ کا اعلان کر دیا۔ انگلینڈ کے عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر عادل راشد کراچی کنگز اسکواڈ میں شامل ہو گئے ہیں۔

کراچی کنگز نے اپنے آفیشل بیان میں کہا، "عالمی شہرت یافتہ اسپنر اور ایک مکمل ماسٹر، عادل راشد ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے لیے ہماری ڈائریکٹ سائننگ کے طور پر کراچی کنگز میں شامل ہو گئے ہیں۔"

رپورٹس کے مطابق عادل راشد کے ساتھ 6.2 کروڑ روپے میں معاہدہ طے پایا ہے۔

پی سی بی کے ڈائریکٹ سائننگ رولز کے تحت ہر فرنچائز ایک ایسے مارکی کھلاڑی کو براہ راست سائن کر سکتی ہے جو پی ایس ایل 10 یا پی ایس ایل 11 میں شامل نہ رہا ہو۔

پی ایس ایل 12 کا پلیئر آکشن 23 جنوری 2027 کو ہوگا، جبکہ ٹورنامنٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا، جس میں 44 میچز ہوں گے۔

عادل راشد اس سے قبل پی ایس ایل 8 میں ملتان سلطانز کی جانب سے سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب ہوئے تھے، تاہم انگلینڈ کی بین الاقوامی مصروفیات کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے قبل دستبردار ہو گئے تھے۔ اب وہ پہلی بار پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے سائننگ پر کہا کہ عادل راشد ایک ورلڈ کلاس کرکٹر ہیں جن کی کامیابیاں اور تجربہ خود بولتا ہے۔

عادل راشد نے انگلینڈ کی جانب سے 19 ٹیسٹ، 165 ون ڈے اور 154 ٹی 20 انٹرنیشنل کھیلے ہیں اور تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 476 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

انگلینڈ کے معروف وائٹ بال بولرز میں شمار کیے جانے والے تجربہ کار لیگ اسپنر کا فرنچائز کرکٹ میں بھی وسیع کیریئر ہے۔ انہوں نے کئی نمایاں مقابلوں میں حصہ لیا ہے

 جن میں دی ہنڈریڈ، آئی ایل ٹی 20، ایس اے 20، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)، وائٹلٹی بلاسٹ، بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل)، بگ بیش لیگ (بی بی ایل) اور چیمپئینز لیگ ٹی 20 شامل ہیں۔

فرنچائز سطح پر عادل راشد نے 381 ٹی 20 میچز کھیلے ہیں اور 7.48 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 432 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

Related Articles


Back to top button