کرکٹ

آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ ٹرافی: پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست

آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے سپر سکس مرحلے میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ 4 رنز سے جیت لیا

عجمان: آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے سپر سکس مرحلے میں سری لنکا ویمن نے پاکستان ویمن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی۔

کاروان کرکٹ گراؤنڈ عجمان میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے عمیشا دلانی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 56 رنز بنائے، جن میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ وشمی گونارتنے نے 23 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ام حانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 17 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن کی شروعات انتہائی خراب رہی اور ٹیم 5 اوورز میں صرف 29 رنز پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھی۔

امیمہ سہیل اور ایمن فاطمہ نے 33 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان مشکلات کا شکار ہو گیا۔

آخری 6 اوورز میں پاکستان کو 57 رنز درکار تھے۔ طوبیٰ حسن نے 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مزاحمت کی، لیکن وہ بھی آؤٹ ہو گئیں۔

آخری اوور میں پاکستان کو 19 رنز درکار تھے۔ تسمیہ رباب نے 11 گیندوں پر ناقابل شکست 23 رنز بنائے، جن میں 3 چھکے شامل تھے، اور آخری اوور میں بھی 2 چھکے لگائے، لیکن پاکستان 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بنا سکی اور میچ 4 رنز سے ہار گئی۔

سری لنکا کی جانب سے ستیہ سندیپانی نے 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سوگنڈیکا کماری نے 17 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں۔

عمیشا دلانی کو شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ سری لنکا نے سپر سکس مرحلہ ناقابل شکست ختم کر لیا

Related Articles


Back to top button