کرکٹ

رضا حمید میموریل چیمپئن شپ — خضرا کلب کی دھواں دار فتح، 28 رنز سے سیمی فائنل میں پہنچ گئی

رضا حمید میموریل سٹی زون ٹی ٹونٹی کلب کرکٹ چیمپئن شپ

خضرا کلب کی شاندار فتح، نیو یونین کلب کو 28 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

محمد ارسلان کی دھواں دار 88 رنز کی اننگز، 9 چھکے اور 4 چوکے لگائے، مین آف دی میچ قرار

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: رضا حمید میموریل سٹی زون ٹی ٹونٹی کلب کرکٹ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں خضرا کرکٹ کلب نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیو یونین کلب کو 28 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

اتفاق ایل آر سی اے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں خضرا کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز کا مضبوط مجموعہ ترتیب دیا۔ 

خضرا کلب کے جارح مزاج بلے باز محمد ارسلان نے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے محض 43 گیندوں پر 88 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، 

جس میں 9 بلند و بالا چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ حسین علی نے 31 رنز ناٹ آؤٹ جبکہ محسن علی نے 21 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم حصہ ڈالا۔ نیو یونین کلب کی جانب سے ابوبکر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیو یونین کلب کی پوری ٹیم 18.3 اوورز میں 155 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ محمد عظیم نے 36 اور منیب ظفر نے 27 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم خضرا کلب کے باؤلرز نے نپی تلی اور مؤثر باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو ہدف تک پہنچنے سے روک دیا۔

خضرا کلب کی جانب سے معاذ اعوان اور احمد اقبال نے 3،3 وکٹیں حاصل کرکے حریف بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا، جبکہ محسن ارشاد اور ایمان طاہر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شاندار اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر محمد ارسلان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ 

اس موقع پر چیئرمین خضرا کرکٹ کلب عابد حسین نے محمد ارسلان کو بہترین کارکردگی پر نقد انعام سے نوازا۔ جوائنٹ سیکرٹری سٹی زون محمد علی شاہ نے بھی خضرا کلب کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

چیئرمین خضرا کرکٹ کلب عابد حسین نے ٹیم کی شاندار کامیابی پر تمام کھلاڑیوں، کپتان، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کوارٹر فائنل میں کھلاڑیوں نے جس عزم، اعتماد، ٹیم ورک اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، 

وہ قابلِ تحسین ہے۔ محمد ارسلان کی غیر معمولی بیٹنگ اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل تک رسائی پوری ٹیم کی مشترکہ محنت اور مسلسل لگن کا نتیجہ ہے۔ انہیں اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے اور امید ہے کہ ٹیم اسی جذبے،

 نظم و ضبط اور بہترین کھیل کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرے گی اور چیمپئن شپ جیتنے کے لیے بھرپور انداز میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Related Articles


Back to top button