ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کی نئی تاریخوں کا اعلان، 18 سے 27 ستمبر تک پاکستان میں ہوں گے
14 ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کی نئی تاریخوں کا اعلان، پاکستان میں 18 سے 27 ستمبر تک ہوں گے
لاہور: پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے 14 ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کی نظرثانی شدہ تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اب یہ گیمز پاکستان میں 18 سے 27 ستمبر 2027 تک منعقد ہوں گے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد خالد محمود کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جنوبی ایشیا کی تمام شریک قومی اولمپک کمیٹیوں سے مشاورت اور ان کی باضابطہ رضامندی کے بعد ان تاریخوں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نظرثانی شدہ تاریخوں کا فیصلہ 6 ویں ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کی تاریخوں میں تبدیلی کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے، تاکہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو مقدم رکھتے ہوئے انہیں دونوں ایونٹس میں شرکت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق جنوبی ایشیائی قومی اولمپک کمیٹیوں کے درمیان اتفاقِ رائے علاقائی اولمپک تحریک میں یکجہتی اور تعاون کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ تمام کمیٹیوں نے آرگنائزنگ کمیٹی اور پاکستان کی اولمپک و اسپورٹس کمیونٹی کے لیے گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے جنوبی ایشیا کی تمام قومی اولمپک کمیٹیوں کی سمجھ بوجھ اور تعاون پر گہری تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ستمبر 2027 میں ان کے ایتھلیٹس، آفیشلز اور وفود کو پاکستان میں خوش آمدید کہنے کی منتظر ہے۔