کے پی میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، سہولتوں کی کمی ہے، سید عاقل شاہ
پشاور سروسز کلب میں سید عاقل شاہ کا خصوصی انٹرویو، کھیلوں کے فروغ پر زور
پشاور: پشاور سروسز کلب میں سینئر صحافی قیصر چوہان نے سابق وزیر سپورٹس خیبر پختونخوا، سابق سینیٹر اور سابق صدر خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن سید عاقل شاہ کا خصوصی انٹرویو کیا۔
انٹرویو کے دوران سید عاقل شاہ نے خیبر پختونخوا میں کھیلوں کی موجودہ صورتحال، کھلاڑیوں کو درپیش مسائل، گراؤنڈز کی کمی، فنڈز کی عدم دستیابی اور نوجوان ٹیلنٹ کے ضیاع پر تفصیلی گفتگو کی۔
سید عاقل شاہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، لیکن کھلاڑیوں کو سہولتیں، تربیت اور پلیٹ فارم نہ ملنے کی وجہ سے وہ آگے نہیں بڑھ پاتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور متعلقہ ادارے سنجیدگی سے توجہ دیں تو صوبے کے نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اپنے دورِ وزارت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں صوبے میں کھیلوں کے فروغ، گراؤنڈز کی بحالی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کئی اقدامات کیے گئے، جن کے مثبت نتائج سامنے آئے۔
اولمپک ایسوسی ایشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سید عاقل شاہ نے کہا کہ اولمپک تحریک کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ نوجوانوں کو منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے بھی دور رکھتے ہیں۔
انٹرویو میں پشاور سمیت صوبے بھر میں سپورٹس کمپلیکس، کرکٹ، ہاکی، فٹبال اور دیگر کھیلوں کی بحالی پر بھی بات چیت ہوئی۔ سید عاقل شاہ نے زور دیا کہ سکول اور کالج کی سطح پر کھیلوں کو لازمی قرار دیا جائے تاکہ باصلاحیت کھلاڑی سامنے آ سکیں۔
آخر میں سید عاقل شاہ نے نوجوان کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ وہ محنت، لگن اور نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھیں، کامیابی ضرور ان کا مقدر بنے گی۔
پشاور سروسز کلب میں ہونے والا یہ انٹرویو کھیلوں سے دلچسپی رکھنے والے حلقوں میں خاصی توجہ کا مرکز بنا رہا۔