Games

شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ: دوسرا روز: تینوں میچز میں گولوں کی برسات، تین ٹیمیں فاتح

شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ 2026: دوسرے روز ایس کیو/ایف جی دن، ماسٹر پینٹس/نیوایج کیبلز اور ڈائمنڈ پینٹس کی شاندار فتوحات

لاہور: لاہور پولو کلب کے زیراہتمام جاری بارہویں لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ 2026 کے دوسرے روز بدھ کو کھیلے گئے تین دلچسپ اور سنسنی خیز میچز میں ایس کیو/ایف جی دن، ماسٹر پینٹس/نیوایج کیبلز اور ڈائمنڈ پینٹس نے شاندار کامیابیاں حاصل کر لیں۔

دوسرے روز ثاقب خان خاکوانی، راجہ میکائیل سمیع اور راجہ جلال ارسلان کی غیر معمولی انفرادی کارکردگی شائقین کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔

پہلا میچ: دن کے سب سے زیادہ اسکور والے پہلے میچ میں ایس کیو/ایف جی دن نے زبردست مقابلے کے بعد ڈائمنڈ پینٹس/شیخو اسٹیل کو 11-6 گول سے شکست دی۔ 

فاتح ٹیم کی جانب سے ثاقب خان خاکوانی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چھ گول اسکور کیے، راجہ تیمور ندیم نے چار جبکہ شیخ محمد رافع نے ایک گول بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈائمنڈ پینٹس/شیخو اسٹیل کی جانب سے غیر ملکی کھلاڑی گائے گبراٹ نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے پانچ گول داغے جبکہ میر حذیفہ احمد نے ایک گول اسکور کیا۔

دوسرا میچ: دوسرے میچ میں ماسٹر پینٹس/نیوایج کیبلز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ماسٹر پینٹس/بیکوس کو 6-3.5 گول سے ہرا دیا۔ اس میچ میں راجہ میکائیل سمیع ناقابلِ شکست دکھائی دیے اور تنِ تنہا اپنی ٹیم کے تمام چھ گول اسکور کر کے شاندار انفرادی کارنامہ انجام دیا۔

ماسٹر پینٹس/بیکوس کی جانب سے راجہ سمیع اللہ نے دو اور صوفی فاروق امین نے ایک گول اسکور کیا، جبکہ انہیں ہینڈی کیپ سسٹم کے تحت نصف گول کی برتری حاصل تھی۔

تیسرا میچ: تیسرے اور آخری مقابلے میں ڈائمنڈ پینٹس نے جارحانہ حکمتِ عملی اپناتے ہوئے بریو پولو ٹیم کو 10-7 گول سے زیر کر لیا۔ راجہ جلال ارسلان میچ کے نمایاں کھلاڑی رہے جنہوں نے سات شاندار گول داغ کر اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنائی، جبکہ احمد علی ٹوانہ نے تین گول کا اضافہ کیا۔

بریو پولو ٹیم کی طرف سے شاہ شمیل عالم نے تین، عبدالرحمٰن مونو نے دو جبکہ احمد زبیر بٹ اور میجر عمیر غازی نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔

Related Articles


Back to top button