ساؤتھ ایشین گیمز چھٹی بار ملتوی، اب نومبر 2027 میں ہونے کا امکان!
ساؤتھ ایشین گیمز چھٹی بار ملتوی کر دی گئی، پاکستان میں انعقاد کا خواب کب شرمندہ تعبیر ہوگا؟
اسلام آباد: سپورٹس لنک - پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز ایک مرتبہ پھر ملتوی کر دیے گئے۔ اگلے برس 3 اپریل سے شروع ہونے والے 14 ویں ساؤتھ ایشین گیمز چھٹی مرتبہ ملتوی کیے گئے ہیں۔
باخبر اور با اعتماد ذرائع کے مطابق گیمز کے التوا کا فیصلہ بوجوہ کیا گیا ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی زیر نگرانی ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز اب نومبر 2027 میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔
پاکستان کو میزبانی ملنے کے بعد گیمز 2021 میں منعقد ہونا تھے لیکن انتظامی تاخیر، فنڈز کے مسائل، کووڈ-19 کے اثرات اور علاقائی کھیلوں کے کیلنڈر کے تصادم کی وجہ سے ساؤتھ ایشین گیمز مجموعی طور پر چھٹی مرتبہ ملتوی کیے گئے ہیں۔
ان گیمز میں اسلام آباد، لاہور اور پشاور کے مقامات پر 346 گولڈ میڈلز کے لیے مردوں کے 28 اور خواتین کے 25 مقابلے طے تھے۔ گیمز میں ساؤتھ ایشیا کے رکن ممالک کے 4200 سے زائد مرد اور خواتین ایتھلیٹس اور آفیشلز کی شرکت متوقع تھی۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے قبل ازیں عندیہ دیا تھا کہ پاکستان ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور حکومت گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔ گیمز کے انعقاد کے لیے مطلوبہ فنڈز کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھرپور کوشش کی جائے گی کہ گیمز اگلے برس کے آخر تک کرا دیے جائیں، تاہم اگر ایسا ممکن نہ ہوا تو گیمز 2028 میں منتقل کر دیے جائیں گے۔
ایک ذریعے نے بتایا کہ ایشین انڈور اینڈ مارشل گیمز کے ملتوی ہونے سے بھی مسئلہ بڑھا، کیونکہ دونوں ایونٹس ایک ہی ٹائم لائن پر آ گئے۔ دوسرا مسئلہ لاہور میں سردیوں کی سموگ ہے، جس کی وجہ سے سردیوں میں گیمز کرانا مشکل ہو جاتا ہے۔
کھیلوں کے حلقوں نے گیمز کے بار بار ملتوی ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کھلاڑیوں کی تیاری متاثر ہو رہی ہے اور پاکستان کی میزبانی کی ساکھ پر بھی سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔