ساؤتھ ایشین گیمز کی تاریخیں تبدیل، پی او اے کا باضابطہ اعلان آ گیا
ساؤتھ ایشین گیمز کی تاریخیں تبدیل، پی او اے کا باضابطہ اعلان آ گیا
اسلام آباد: سپورٹس لنک - پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کی تاریخیں تبدیل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
پی او اے کی جانب سے میڈیا کو جاری کردہ باضابطہ ای میل میں بتایا گیا ہے کہ اولمپک کونسل آف ایشیا اور سعودی اولمپک اینڈ پیرالمپک کمیٹی نے ریاض میں ہونے والے 6ویں ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کی تاریخیں تبدیل کر کے 28 مارچ سے 8 اپریل 2027 کر دی ہیں۔
ای میل میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اور انہیں دونوں ایونٹس میں شرکت کے قابل بنانے کے لیے، ساؤتھ ایشین این او سیز مل کر 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز 2027 کو کم سے کم تاخیر کے ساتھ دوبارہ شیڈول کرنے پر کام کر رہی ہیں۔
پی او اے کے مطابق نظرثانی شدہ تاریخوں سے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول میڈیا کو بروقت آگاہ کر دیا جائے گا۔
پی او اے نے واضح کیا ہے کہ گیمز کی تیاریاں منصوبے کے مطابق جاری ہیں۔ این او سی پاکستان، آرگنائزنگ کمیٹی اور حکومت پاکستان قریبی رابطے میں کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔

یہ باضابطہ اعلامیہ پی او اے کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے جاری کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل میڈیا میں خبریں آئی تھیں کہ 3 اپریل 2027 سے شروع ہونے والے گیمز چھٹی مرتبہ ملتوی کر دیے گئے ہیں اور اب نومبر 2027 میں ہونے کا امکان ہے،
تاہم پی او اے کے تازہ باضابطہ بیان میں نومبر کی کوئی تاریخ نہیں دی گئی، بلکہ کہا گیا ہے کہ نئی تاریخیں کم سے کم تاخیر کے ساتھ جلد بتائی جائیں گی۔