آئی بی ایس ایف عمان ورلڈ کپ: محمد آصف کی مسلسل تیسری کامیابی، بھارت کے ملکیت سنگھ کو 3-0 سے شکست
آئی بی ایس ایف عمان سنوکر ورلڈ کپ 2026: محمد آصف کی مسلسل تیسری کامیابی، گروپ میں ناقابلِ شکست
مسقط، عمان - (سپورٹس لنک)پاکستان کے مایہ ناز کیوئسٹ محمد آصف نے آئی بی ایس ایف عمان سنوکر ورلڈ کپ 2026 میں اپنی شاندار فارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے گروپ مرحلے میں مسلسل تیسری فتح حاصل کر لی اور اگلے مرحلے کے لیے اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی۔
منگل کو کھیلے گئے تیسرے گروپ میچ میں محمد آصف نے روایتی حریف بھارت کے ملکیت سنگھ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 سے شکست دے دی۔ محمد آصف نے میچ کے آغاز سے ہی شاندار کنٹرول، درست پوٹنگ اور بہترین سیفٹی کھیل کا مظاہرہ کیا اور حریف کو کسی بھی فریم میں سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔
اس سے قبل دوسرے گروپ میچ میں محمد آصف نے بنگلہ دیش کے نظام الدین احمد کو بھی 3-0 سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں بھی آصف نے اپنی تجربہ کاری کا بھرپور مظاہرہ کیا اور مسلسل دو فریمز میں بڑے بریکس لگا کر حریف پر دباؤ برقرار رکھا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے گروپ میچ میں محمد آصف کو ایران کے ارمان دیناروند کے خلاف سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد محمد آصف نے 3-2 سے کامیابی حاصل کی اور ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔
اس طرح محمد آصف نے اب تک ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیلے ہیں اور تینوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دو میچز میں انہوں نے حریفوں کو کلین سویپ کیا جبکہ ایک میچ میں سخت مقابلے کے بعد فتح سمیٹی۔
محمد آصف پاکستان کے سب سے کامیاب سنوکر کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ اس سے قبل آئی بی ایس ایف ورلڈ چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں اور کئی بار پاکستان کے لیے عالمی سطح پر تمغے اور ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ عمان ورلڈ کپ میں ان کی موجودہ فارم نے شائقین کو ایک اور بڑے ٹائٹل کی امید دلا دی ہے۔
پاکستان بلئیرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن اور شائقین نے محمد آصف کی مسلسل تیسری کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد آصف نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ بڑے مقابلوں کے بڑے کھلاڑی ہیں۔
امید ہے کہ محمد آصف اسی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے میں بھی شاندار کارکردگی دکھائیں گے اور پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز لائیں گے۔