پرفیکٹ 300، پرفیکٹ اعزاز، وزیرِ کھیل سندھ نے احمر سلڈیرا کو ہیرو قرار دے دیا
تاریخی ایشیائی ریکارڈ کے بعد وزیرِ کھیل سندھ کا ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے لیے 100 فیصد فنڈنگ کا اعلان
کراچی: سندھ کے وزیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان، سردار محمد بخش خان مہر نے دوحہ (قطر) میں منعقدہ ایشین باؤلنگ چیمپئن شپ میں پرفیکٹ 300 اسکور کا تاریخی ریکارڈ قائم کرنے والے ایشیائی ریکارڈ ہولڈر احمر عباس خان سلڈیرا سے ملاقات کی اور ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔
ملاقات کے دوران وزیرِ کھیل نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر احمر سلڈیرا کی تعریف کی اور اعلان کیا کہ صوبائی حکومت آئندہ انٹرنیشنل چیمپئن شپ کے لیے 100 فیصد فنڈنگ فراہم کرے گی اور مستقبل میں بھی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی۔
وزیرِ کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے مزید کہا کہ احمر عباس خان سلڈیرا نے دوحہ میں پرفیکٹ 300 اسکور کر کے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ایسے کھلاڑی قوم کا اثاثہ ہیں اور حکومت ان کی مکمل سرپرستی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور ٹین پن باؤلنگ جیسے کھیلوں کو بھی بھرپور فروغ دیا جائے گا تاکہ پاکستان کے کھلاڑی عالمی سطح پر مزید تمغے جیت سکیں۔
سیکرٹری کھیل سندھ منور مہیسر نے کہا کہ محکمہ کھیل سندھ فیڈریشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا، تاکہ آئندہ انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں پاکستان کی ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کر سکے۔
اس موقع پر موجود سردار عباس خان سلڈیرا اور دانیال شاہ نے بھی احمر سلڈیرا کی کارکردگی کو سراہا اور وزیرِ کھیل سندھ کے اعلان کو باؤلنگ کے مستقبل کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔
وزیرِ کھیل کے اس اعلان کی تائید کرتے ہوئے سیکرٹری کھیل سندھ منور مہیسر نے تصدیق کی کہ محکمہ کھیل سندھ آئندہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن (PTBF) کو مکمل فنڈنگ فراہم کرے گا۔
اس موقع پر سردار عباس خان سلڈیرا اور دانیال شاہ بھی موجود تھے۔
احمر عباس خان سلڈیرا نے دوحہ میں ایشین باؤلنگ چیمپئن شپ میں پرفیکٹ 300 اسکور کر کے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے ایشیا میں تاریخ رقم کی تھی۔ ان کی اس شاندار کارکردگی نے پاکستان کا نام عالمی باؤلنگ کے نقشے پر روشن کر دیا ہے۔
ٹین پن باؤلنگ کے حلقوں نے وزیرِ کھیل سندھ کے اس اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی سرپرستی سے پاکستان کے باؤلرز کو عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔