شان ٹیٹ کی پی سی بی پوڈ کاسٹ میں گفتگو، باؤلرز کی محنت قابلِ تعریف قرار دے دی
لاہور: سپورٹس لنک - پاکستان ٹیم کے باؤلنگ کوچ شان ٹیٹ نے پی سی بی پوڈ کاسٹ کے پروگرام "سٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ" میں شرکت کی اور ٹیم کی باؤلنگ، کھلاڑیوں کی فٹنس اور سری لنکا سیریز کے حوالے سے اہم گفتگو کی۔
شان ٹیٹ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پاکستان ٹیم کو بطور باؤلنگ کوچ جوائن کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے تمام باؤلرز کی محنت قابلِ تعریف اور خوش آئند ہے۔
شان ٹیٹ نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچز کا تیسرا دن ہمارے باؤلرز کے لیے چیلنجنگ رہا۔ تاہم دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ایک باؤلر کے بغیر باقی باؤلرز کا اٹیک کو چلانا دماغی مضبوطی کا ثبوت ہے۔
رضااللہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شان ٹیٹ نے کہا کہ ان کے لیے ریسٹ بہت اہم ہے، پہلے ٹیسٹ کے بعد انہیں آرام کروایا گیا، جس کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں ان کی کارکردگی اچھی رہی۔
شان ٹیٹ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا پروگرام بہتر بنانے میں ہیڈ کوچ نے اچھا کردار ادا کیا ہے۔ سیریز ختم ہونے کے بعد سارے باؤلرز کے ساتھ ان کی پرفارمنس پر گفتگو بھی کی گئی۔
عامر جمال کے بارے میں شان ٹیٹ نے کہا کہ وہ کافی فٹ ہے اور لمبی باؤلنگ کرنا پسند کرتا ہے۔
ون ڈے ٹرائی سیریز کے حوالے سے شان ٹیٹ نے کہا کہ اس میں نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کا کمبینیشن اچھا رہا۔