کرکٹ

لاہور: خضرا کرکٹ کلب کی ایک سالہ کارکردگی پر بریفنگ، نوجوان ٹیلنٹ کے فروغ کا عزم

خضرا کرکٹ کلب کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ، چیئرمین عابد حسین کی زیر صدارت تقریب

چیئرمین عابد حسین کی زیرِ صدارت منعقدہ تقریب میں کلب کے عہدیداران، سینئر و جونیئر کھلاڑیوں اور معزز مہمانوں کی بھرپور شرکت

لاہور: خضرا کرکٹ کلب کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں ایک پُروقار اور پُرتکلف ظہرانہ تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت کلب کے چیئرمین عابد حسین نے کی۔

تقریب میں کلب کے عہدیداران، سینئر و جونیئر کھلاڑیوں اور کرکٹ سے وابستہ معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی کینٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر مشہود حسین شیرازی تھے، جبکہ امریکہ سے خصوصی طور پر تشریف لانے والے کرکٹ کے دلدادہ ریاض احمد نے بھی تقریب میں شرکت کرکے اس موقع کو مزید یادگار بنایا۔

اس موقع پر خضرا کرکٹ کلب کے صدر عبدالروف خان، سینئر نائب صدر چودھری غلام علی، نائب صدر عمر حیات بٹ، سیکرٹری کامران بشیر، جوائنٹ سیکرٹری مدثر یونس،

 خازن عبداللہ بٹ، ہیڈ کوچ اویس سرور، پیٹرن محمد رفیق، پرویز ریحان، ڈاکٹر علی رضوان اور محمد عمران سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

تقریب کے دوران چیئرمین عابد حسین نے شرکاء کو خضرا کرکٹ کلب کی گزشتہ ایک سال کی مجموعی کارکردگی، کرکٹ سرگرمیوں، کھلاڑیوں کی ترقی اور کلب کی انتظامی و تنظیمی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ 

انہوں نے کہا کہ خضرا کرکٹ کلب نے اپنی مسلسل محنت، بہترین منصوبہ بندی اور کھلاڑیوں کو سازگار مواقع فراہم کرنے کے عزم کے تحت نمایاں پیش رفت کی ہے۔

 کلب کے کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ میں مختلف سطحوں پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہے ہیں اور اپنی کارکردگی سے نہ صرف کلب بلکہ لاہور ریجن اور ملک کے لیے بھی باعثِ فخر بن رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خضرا کرکٹ کلب کی بنیادی ترجیح معیاری کرکٹ کا فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے لیے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔

 کلب کی کامیابی درحقیقت اس کے کھلاڑیوں، آفیشلز اور تمام معاونین کی مشترکہ محنت اور باہمی اعتماد کا نتیجہ ہے۔

چیئرمین عابد حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی، ان کی فلاح و بہبود اور باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے 

ایسی تقریبات اور اجتماعات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ کلب کے کھلاڑیوں میں اتحاد، اپنائیت اور کلب کے ساتھ وابستگی کے جذبے کو مزید تقویت ملے۔

شرکاء نے کلب کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی اسی جذبے، تسلسل اور یکسوئی کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کے لیے کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Related Articles


Back to top button