کرکٹ
لاہور: میاں فضل حسین میموریل کینٹ زون ٹی ٹونٹی کلب ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز
میاں فضل حسین میموریل کینٹ زون ٹی ٹونٹی کلب ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز
میاں حمزہ فضل نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کردیا، کینٹ زون کی انتظامیہ کے بہترین انتظامات کو سراہا
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: کینٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام میاں فضل حسین میموریل کینٹ زون ٹی ٹونٹی کلب کرکٹ ٹورنامنٹ 2026 کا شاندار افتتاح نیو اتفاق کرکٹ گراؤنڈ فیصل ٹاؤن لاہور میں ہوگیا۔ لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد کے مشیر برائے کرکٹ افیئرز اور غالب جمخانہ کرکٹ کلب کے صدر میاں حمزہ فضل نے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں کینٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سید مشہود حسین شیرازی اور ان کی کابینہ نے مہمان خصوصی میاں حمزہ فضل کا پرتپاک اور فقیدالمثال استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے افتتاحی میچ میں شریک دونوں ٹیموں امپیریل کلب اور عزیز بھٹی ٹاؤن شہید کلب کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کا تعارف حاصل کیا۔ میاں حمزہ فضل نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کینٹ زون کی انتظامیہ کو ٹورنامنٹ کے بہترین اور منظم انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ کلب کرکٹ کو مضبوط بنانے اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کینٹ زون کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ امپیریل کلب اور عزیز بھٹی ٹاؤن شہید کلب کے درمیان نیو اتفاق کرکٹ گراؤنڈ فیصل ٹاؤن میں کھیلا گیا، جس میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں کینٹ زون کے عہدیداران، سینئر کرکٹ آرگنائزرز اور لاہور ریجن کرکٹ سے وابستہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کینٹ زون کے صدر سید مشہود حسین شیرازی، سینئر نائب صدر اصغر علی ناز، نائب صدر سید کامل علی، سیکرٹری مرزا عظمت بیگ، خازن خالق لودھی، چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی عبدالماجد خان، سیکرٹری ٹورنامنٹ کمیٹی اویس سرور کے علاوہ سینئر آرگنائزرز چودھری غلام علی، افتخار احمد، ندیم احمد، پرویز ریحان، رانا مسعود، یاسین بلوچ اور ظہور احمد بھی موجود تھے۔ تقریب میں لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے فنانس منیجر میاں اسلم اور منیجر کرکٹ آپریشنز عابد حسین نے بھی خصوصی شرکت کی۔ کینٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سید مشہود حسین شیرازی نے مہمان خصوصی میاں حمزہ فضل سمیت تمام معزز مہمانوں اور کرکٹ آرگنائزرز کی تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کینٹ زون میں کلب کرکٹ کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور معیاری کرکٹ کے انعقاد کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔