نوجوان فاسٹ بولر علی شبیر نے بہاولپور ریجن کو جوائن کر لیا
پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل نوجوان فاسٹ بولر علی شبیر نے بہاولپور ریجن کو جوائن کر لیا، لاہور کے خلاف ایکشن میں نظر آئیں گے
کراچی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل ہونے والے رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے نوجوان فاسٹ بولر علی شبیر نے آج کراچی میں بہاولپور ریجن کی قائداعظم ٹرافی ٹیم کو جوائن کر لیا۔ وہ لاہور کے خلاف قائداعظم ٹرافی میں اپنا پہلا میچ کھیلیں گے۔
علی شبیر کی پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت بہاولپور ریجن کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بہاولپور ریجن کے کپتان عمران رندہاوا بھی پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کر چکے ہیں، جبکہ وہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔
اس طرح رواں سیزن میں بہاولپور ریجن کے دو نوجوان کھلاڑیوں کی قومی سطح تک رسائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ریجن میں میرٹ اور ٹیلنٹ کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
اس شاندار پیش رفت کا کریڈٹ ریجنل صدر و ممبر پی سی بی گورننگ بورڈ چوہدری طارق سرور اور ہیڈ کوچ غلام علی کو جاتا ہے، جن کی سرپرستی اور محنت کے نتیجے میں بہاولپور ریجن کی انڈر 19 ٹیم قومی چیمپئن بنی، جبکہ قائداعظم ٹرافی میں بھی ٹیم کی کارکردگی قابلِ ستائش رہی ہے۔
بہاولپور ریجن کے نوجوان فاسٹ بولر علی شبیر نے ٹیم جوائن کرنے کے بعد مینیجر بہاولپور ریجن ٹیم ملک ندیم حسین سے ملاقات کی اور انہیں پاکستانی شرٹ بطور تحفہ پیش کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن راجن پور کے صدر و مینیجر بہاولپور ریجن ٹیم ملک ندیم حسین نے علی شبیر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم میں شمولیت بہاولپور ریجن کے لیے خوش آئند ہے اور ان کی موجودگی سے ٹیم مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ علی شبیر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب بہاولپور ریجن کے مزید نوجوان کھلاڑی اپنی محنت، صلاحیت اور میرٹ کی بنیاد پر قومی ٹیم میں جگہ بنا کر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔