کرکٹ

محمد یوسف اور ثناء میر کی خدمات کا اعتراف، ہال آف فیم کا اعزاز مل گیا

محمد یوسف اور ثناء میر کی خدمات کا اعتراف، ہال آف فیم کا اعزاز مل گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف اور ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کو پی سی بی ہال آف فیم 2025ء میں شامل کر لیا ہے۔

دونوں کھلاڑیوں کو یہ بڑا اعزاز پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات اور شاندار کارکردگی کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق محمد یوسف کا انتخاب آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کے ذریعے عمل میں آیا، جبکہ ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کی بنیاد پر اس فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

شاندار کیریئر پر ایک نظر
محمد یوسف:
انہوں نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 381 میچز کھیل کر 17 ہزار 300 رنز اسکور کیے۔ ان کے کیریئر کا سب سے یادگار سنگِ میل 2006ء میں آیا جب انہوں نے ایک کیلنڈر سال میں 1788 ٹیسٹ رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

ثناء میر: انہوں نے 226 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 240 وکٹیں حاصل کیں اور 2432 رنز بنائے۔ ان کی قیادت میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے 2010ء اور 2014ء کے ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔

ان دونوں کھلاڑیوں سے قبل پی سی بی ہال آف فیم میں 14 عظیم کرکٹرز شامل تھے، جن میں عبدالقادر، عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، عمران خان، انضمام الحق، جاوید میانداد، مصباح الحق، مشتاق محمد، سعید انور، وسیم اکرم، وقار یونس، یونس خان اور ظہیر عباس کے نام شامل ہیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دونوں کھلاڑیوں کو ہال آف فیم میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد یوسف اور ثناء میر نے انتہائی فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت ملکی کرکٹ میں ایک منفرد مقام بنایا۔

Related Articles


Back to top button