پاکستان زندہ باد! ایشین چیمپیئن کے بعد اب ورلڈ چیمپیئن، جواد نے تاریخ رقم کر دی.
باکو میں سبز ہلالی پرچم کی بلندی پاکستانی نوجوان محمد جواد نے روس، قازقستان اور آذربائیجان کو پچھاڑ کر عالمی گولڈ میڈل جیت لیا
باکو، آذربائیجان: پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (PMMAF) کے زیرِ اہتمام قومی دستے نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری UWW ورلڈ چیمپئن شپ (MMA & Pankration) 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔
دنیا کے تقریباً 35 ممالک کے 1,000 کے قریب نامور ایتھلیٹس کے اس میگا ایونٹ میں پاکستان کے تین کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں ملک کی نمائندگی کی۔ محمد جواد کی تاریخی فتح: حریفوں کو شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا
پاکستان کے لیے سب سے بڑا اور تاریخی اعزاز نوجوان ایتھلیٹ محمد جواد نے حاصل کیا۔ انہوں نے انڈر 15 پینکریشن ایم ایم اے کیٹیگری کے سخت ترین مقابلوں میں مارشل آرٹس کے مضبوط حریف ممالک—روس، قازقستان اور میزبان آذربائیجان کے کھلاڑیوں کو عبرتناک شکست دے کر پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا اور عالمی افق پر سبز ہلالی پرچم سربلند کیا۔
ایشین چیمپئن سے ورلڈ چیمپئن تک کا شاندار سفر ; قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ محمد جواد اس سے قبل رواں برس 2026 میں ایشین سطح پر انڈر 16 چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر ان کی اس مسلسل اور غیر معمولی کارکردگی نے انہیں پاکستان کے مستقبل کا سب سے روشن ابھرتا ہوا اسٹار ثابت کر دیا ہے۔
ورلڈ چیمپئن شپ کے اس عالمی معرکے میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے تین رکنی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی درج ذیل ہیں: محمد جواد: انڈر 15 پینکریشن (گولڈ میڈلسٹ) ; محمد عمر: انڈر 17 پینکریشن ; داؤد جان: سینئر امیچور ایم ایم اے ;
نوجوان ٹیلنٹ کی آبیاری ہمارا مشن ہے: صدر فیڈریشن ذوالفقار علی ; پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے محمد جواد کی اس فقیدالمثال کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کے روشن مستقبل اور فیڈریشن کی شبانہ روز محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا: "پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن صرف سینئر کھلاڑیوں تک محدود نہیں، بلکہ نچلی سطح (Grassroots) سے نوجوان ٹیلنٹ کی تیاری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
آج ہمارے پاس انڈر 18، انڈر 16 اور اب انڈر 15 کی سطح پر ایشین اور ورلڈ چیمپئن کھلاڑی موجود ہیں۔ ہمارا ہدف عالمی معیار کے ایسے ایتھلیٹس تیار کرنا ہے جو آئندہ بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کے لیے تمغوں کے انبار لگا دیں۔"
ایشین گیمز کے بعد عالمی سطح پر کامیابیوں کا تسلسل ; صدر فیڈریشن نے یاد دلایا کہ حال ہی میں ایشین گیمز میں پاکستانی فائٹر عاصم خان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں تاریخی برانز میڈل جیت کر نئی تاریخ رقم کی تھی، اور اب باکو میں گولڈ میڈل کی جیت اس بات کی تصدیق ہے کہ پاکستان اس کھیل میں دنیا کی بڑی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
حکومتی سرپرستی اور مالی معاونت کی اپیل ; ذوالفقار علی نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB)، وزارتِ بین الصوبائی رابطہ اور دیگر متعلقہ حکومتی اداروں سے پرزور اپیل کی کہ ان باصلاحیت نوجوان ہیروز اور فیڈریشن کو فوری طور پر حکومتی سرپرستی، مالی معاونت اور جدید تربیتی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ یہ کھلاڑی عالمی معیار کی تیاری کے ساتھ مستقبل میں ملک کے لیے مزید اعزازات سمیٹ سکیں۔
پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ ایشین گیمز، ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز اور دیگر بین الاقوامی ملٹی اسپورٹس ایونٹس میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی اور مزید تمغوں کے حصول کے لیے اپنا مشن پوری قوت سے جاری رکھے گی۔