PSL2026 کرکٹ

پاکستان سپرلیگ 12 کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو ہوگی، پی سی بی کا اعلان

پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کے لیے تیاریوں کا باضابطہ آغاز ہوگیا، پی ایس ایل 12 پہلی بار پانچ سے چھ شہروں میں کھیلی جائے گی، جبکہ ایونٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک جاری رہے گا۔ 

ٹورنامنٹ میں 46 روز کے دوران 44 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو ہوگی۔ آٹھوں فرنچائزز کے لیے ڈائریکٹ سائننگز کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے بارہویں سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو ہوگی، جبکہ میگا ایونٹ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک جاری رہے گا۔ 

اس دوران 46 روز میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں 40 لیگ میچز اور چار پلے آف مقابلے شامل ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی صدارت میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں لیگ کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر، 

فرنچائزز کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل 12 کے میچز پہلی مرتبہ ملک کے پانچ سے چھ شہروں میں منعقد کیے جائیں گے، تاکہ لیگ کو مزید شہروں تک پھیلایا جا سکے۔

پی سی بی نے پی ایس ایل 12 کے لیے ڈائریکٹ سائننگ کی مدت بھی مقرر کردی ہے۔ فرنچائزز 23 اکتوبر سے 23 نومبر 2026 تک کھلاڑیوں کو براہِ راست سائن کرسکیں گی۔ ہر فرنچائز کو ایک مارکی کھلاڑی ڈائریکٹ سائن کرنے کی اجازت ہوگی،

 تاہم اس کے لیے شرط رکھی گئی ہے کہ متعلقہ کھلاڑی پی ایس ایل کے گزشتہ دو سیزنز، یعنی سیزن 10 اور سیزن 11 میں شریک نہ ہوا ہو۔پی ایس ایل کی تیاریوں کے سلسلے میں اگلے ہفتے کرکٹ ورکشاپ بھی منعقد کی جائے گی،

 جس میں کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے، نیلامی سے پہلے فرنچائزز کے درمیان کھلاڑیوں کی منتقلی، آکشن کے قواعد اور کھیل کی شرائط سمیت اہم معاملات پر بات ہوگی۔

نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور ٹورنامنٹس بھی پی ایس ایل سے پہلے منعقد کیے جائیں گے۔ ان مقابلوں کو پی ایس ایل کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری اور انتخاب کے ایک اہم ذریعے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹیج ہے۔ لیگ کے گیارہویں سیزن کا اختتام ریکارڈ تعداد میں شائقین کی موجودگی میں ہوا، اور اب اسی مومینٹم کو آگے بڑھاتے ہوئے پی ایس ایل کو مزید شہروں تک لے جایا جائے گا۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ سیزن 12 کے لیے ہر فرنچائز کی بہترین اسکواڈ تشکیل دینے کی دوڑ شروع ہوچکی ہے۔ ڈائریکٹ سائننگ، کھلاڑیوں کی منتقلی اور نیلامی کے مراحل ٹیموں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے۔

یوں پی ایس ایل 12 میں نہ صرف میچز کی تعداد اور شیڈول اہم ہوں گے بلکہ مزید شہروں میں مقابلوں کا انعقاد، فرنچائزز کی نئی حکمتِ عملی اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے ذریعے سامنے آنے والے کھلاڑی بھی توجہ کا مرکز رہیں گے۔

پی ایس ایل 12 کے لیے نیلامی کی تاریخ اور ڈائریکٹ سائننگ کا شیڈول سامنے آنے کے بعد اب فرنچائزز کی نظریں اپنے اسکواڈز کی تشکیل پر ہوں گی، 

جبکہ شائقین کو اگلے سیزن میں ملک کے مزید شہروں میں کرکٹ ایکشن دیکھنے کا موقع ملے گا۔

Related Articles


Back to top button