پاک امریکہ کرکٹ رشتہ، لاہور قلندرز کا کردار کلیدی قرار
پاک امریکہ کرکٹ روابط کے فروغ کے لیے لاہور قلندرز کا مکمل تعاون جاری رکھنے کا عزم: ثمین رانا
اسلام آباد: (سپورٹس لنک رپورٹ) لاہور قلندرز نے پاکستان اور امریکہ کے مابین کرکٹ کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جبکہ فرنچائز کے مالک اور ڈائریکٹر ثمین رانا نے امریکی کرکٹ اور وہاں کے کھلاڑیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے بیان میں ثمین رانا کا کہنا تھا کہ "امریکہ کے ساتھ ہمارے انتہائی مضبوط روابط ہیں اور امریکی کرکٹ و کرکٹرز کے لیے لاہور قلندرز کی بھرپور حمایت ہمیشہ دستیاب رہے گی۔ ہمارا مقصد ہے کہ امریکی کھلاڑیوں کو پاکستان اور امریکہ دونوں ممالک میں بہترین سہولیات اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کر کے ان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے۔"
دریں اثنا، لاہور قلندرز کے مالکان عاطف رانا اور ثمین رانا نے پاکستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کی جانب سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔
یہ پُروقار تقریب امریکی سفارت خانے میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کی گرانقدر خدمات کو سراہنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقد کی گئی تھی۔
لاہور قلندرز کے وفد نے سفارتی عملے اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا، جس میں غیر رسمی ملاقاتیں، معروف امریکی ریسٹورنٹس کے لذیذ پکوان اور ٹیم بلڈنگ سرگرمیاں شامل تھیں۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے وفد کو مدعو کرنے اور اس خصوصی فیملی تقریب کا حصہ بنانے پر امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور سفارتی عملے و ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے موقع کو انتہائی خوش آئند قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے کرکٹ اور سفارت کاری دونوں شعبوں میں "ٹیم ورک" کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تحفظ، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستانی اور امریکی ساتھیوں کے مابین مثالی تعاون پر فخر کا اظہار بھی کیا۔