پی سی بی انٹر کلب: خضرا کلب کا راج، شیر امین کی سنچری اور احمد اقبال کی تباہ کن باؤلنگ
پی سی بی انٹر کلب سٹی زون چیمپئن شپ ;
خضرا کلب کی سبزہ زار ایگلٹس کے خلاف 8 وکٹوں سے شاندار فتح
شیر امین خان کی 61 گیندوں پر ناقابلِ شکست سنچری، خضرا کلب نے ہدف 21.5 اوورز میں حاصل کر لیا
احمد اقبال اور شیر امین خان مشترکہ مین آف دی میچ قرار، چیئرمین خضرا کلب عابد حسین کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کے لیے نقد انعامات
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: پی سی بی انٹر کلب سٹی زون چیمپئن شپ میں خضرا کلب نے یکطرفہ مقابلے کے بعد سبزہ زار ایگلٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کر دی۔نیو اتفاق فیصل ٹاؤن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں خضرا کلب کے باؤلرز نے حریف ٹیم کو محدود مجموعے تک روکنے کے بعد بیٹنگ میں بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
سبزہ زار ایگلٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 35 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔ ایشان علی نے 45 جبکہ مہد صدیقی نے 42 رنز کی نمایاں اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کے مجموعے میں اہم حصہ ڈالا۔
خضرا کلب کی جانب سے ابرار خان نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ احمد اقبال نے 3 وکٹیں حاصل کرکے حریف بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
جواب میں خضرا کلب نے مطلوبہ ہدف انتہائی جارحانہ اور پراعتماد انداز میں صرف 21.5 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر شیر امین خان نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے محض 61 گیندوں پر ناقابلِ شکست 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،
جس میں 23 دلکش چوکے شامل تھے۔ حمزہ نواز نے بھی ذمہ دارانہ اور عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 رنز اسکور کیے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بنیاد پر احمد اقبال اور شیر امین خان کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین خضرا کلب عابد حسین نے دونوں کھلاڑیوں کو ان کی نمایاں کارکردگی پر نقد انعامات سے بھی نوازا۔
چیئرمین خضرا کلب عابد حسین نے کہا کہ کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور ٹیم ورک ہی کامیابی کی اصل بنیاد ہیں۔ شیر امین خان اور احمد اقبال کی کارکردگی قابلِ تحسین ہے۔
خضرا کلب نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور انہیں بہتر کرکٹ مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ ہمارا مقصد صرف میچ جیتنا نہیں بلکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔