کرکٹ

کپتانی چھنی، ٹیم سے باہر ہوئے، کنٹریکٹ ختم ہوا، پھر بھی رضوان مسکرائے

روزی اللہ کے ہاتھ میں ہے، کرکٹ بورڈ کے ہاتھ میں نہیں! محمد رضوان کا جواب دل جیت گیا

لاہور: (سپورٹس لنک) پاکستان کرکٹ کے مایہ ناز وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ایک بار پھر اپنے کردار، صبر اور اللہ پر بھروسے سے سب کے دل جیت لیے۔ سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر کیے جانے کے بعد جب ان سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے نہ شکوہ کیا، نہ شکایت کی، بلکہ مسکرا کر ایسا جواب دیا جو ان کی تربیت کی عکاسی کرتا ہے۔

محمد رضوان نے کہا:
"روزی کا رازق اللہ ہے، کرکٹ بورڈ نہیں! میری جتنی روزی کرکٹ بورڈ کے ساتھ تھی، شاید میں وہ کھا چکا ہوں۔ اب اللہ نے میرے لیے کوئی اور دروازہ کھول دیا ہوگا۔ مجھے کرکٹ بورڈ سے کوئی شکایت نہیں۔"

یہ جواب سوشل میڈیا پر آتے ہی وائرل ہو گیا اور شائقین کرکٹ نے رضوان کے صبر اور حوصلے کو خوب سراہا۔

یاد رہے کہ محمد رضوان پاکستان کرکٹ کے ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے ہر فارمیٹ میں ٹیم کے لیے جان لڑا کر کھیلا۔ انہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی پاکستان کو کئی یادگار فتوحات دلائیں۔

مگر گزشتہ کچھ عرصے سے ان کے ساتھ مسلسل ایسے فیصلے ہوئے جن پر شائقین بھی حیران ہیں۔ پہلے ان سے کپتانی واپس لی گئی، پھر انہیں ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے باہر کر دیا گیا، اس کے بعد ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم سے بھی دور کر دیا گیا، اور اب انہیں سینٹرل کنٹریکٹ سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔

اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود محمد رضوان کے لہجے میں نہ تلخی آئی، نہ کسی کے خلاف کوئی بات کی، نہ ہی کسی محاذ آرائی کا حصہ بنے۔ انہوں نے ہر موقع پر صبر، وقار اور شکر کا مظاہرہ کیا۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ سچ پوچھیں تو محمد رضوان کے ساتھ پیش آنے والے حالات پر کوئی اور کھلاڑی ہوتا تو شاید اپنا ردعمل دیتا، مگر رضوان نے صبر، وقار اور اللہ پر بھروسے کی مثال قائم کی ہے۔

شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ عہدے چھن سکتے ہیں، معاہدے ختم ہو سکتے ہیں، لیکن انسان کا کردار اور تربیت ہی اس کی اصل پہچان ہوتی ہے۔ اور اس معاملے میں محمد رضوان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ صرف ایک اچھے کھلاڑی ہی نہیں بلکہ ایک کمال کے انسان بھی ہیں۔
سلام ہے محمد رضوان اور ان کی تربیت کرنے والوں کو!

Related Articles


Back to top button