کرکٹ

12 سال کا انتظار ختم، پی ایس ایل کا میلہ پشاور پہنچ گیا

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ بارہ: پی ایس ایل تاریخ میں پہلی بار پشاور میں کھیلا جائے گا

لاہور: (سپورٹس لنک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے مداحوں کو بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تصدیق کر دی ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2027 کے میچز کا انعقاد پشاور میں بھی ہوگا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کا افتتاحی میچ بھی پشاور میں کھیلا جائے گا۔ یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی بارہ سالہ تاریخ میں پہلی دفعہ ہوگا کہ پشاور میں میچز کھیلے جائیں گے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل بارہ کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی تک ہوگا، جس میں پشاور چھٹے وینیو کے طور پر شامل ہوگا۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پشاور کے فینز نے اس وقت کا بہت عرصے سے انتظار کیا ہے۔ پی ایس ایل کو پشاور لانے کا مقصد اس شہر کی پاکستان کرکٹ کے لیے دی گئی خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔

انہوں نے کہا، مجھے یقین ہے کہ پشاور کے عوام اس لیگ کا خیرمقدم اسی جوش اور گرم جوشی سے کریں گے جس کے لیے وہ مشہور ہیں۔

سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ یہ وہ لمحہ ہے جس کا لیگ، اور خاص طور پر پشاور کے شائقین بارہ سال سے انتظار کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کے چھٹے وینیو کا اضافہ لیگ کی ترقی میں اہم قدم ہے۔

پشاور میں پی ایس ایل میچز کے اعلان کے بعد شہر بھر میں کرکٹ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، جو برسوں سے اپنی ٹیم پشاور زلمی کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے دیکھنے کے منتظر تھے۔

Related Articles


Back to top button