کرکٹ

پشاور : عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام ختم، ارباب نیاز بحال؟

پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ، پرانا نام ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم بحال ہوگا

پشاور : حکومت نے پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اسٹیڈیم کا پرانا اور تاریخی نام ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم بحال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں محکمہ کھیل کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسٹیڈیم کا نام پی ایس ایل سے پہلے تبدیل کر دیا جائے گا۔

اس حوالے سے خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا جا رہا ہے، اور اسے کسی بھی جماعت کی شخصیت کے نام پر نہیں رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ارباب نیاز اس صوبے کی شخصیت تھے، کھیلوں کے لیے ان کی خدمات ہیں، لیکن ہم اسٹیڈیم کو پیپلز پارٹی کی کسی شخصیت کے نام پر بھی نہیں رکھیں گے۔

یہ اسٹیڈیم 1984 میں شاہی باغ اسٹیڈیم کے نام سے بنا تھا، 1987 میں اس کا نام سابق وفاقی وزیر کھیل ارباب نیاز محمد کے نام پر ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم رکھا گیا۔

گزشتہ پی ٹی آئی حکومت نے 21 فروری 2025 کو صوبائی کابینہ سے منظوری لے کر اس کا نام تبدیل کر کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھ دیا تھا۔

اس فیصلے پر اس وقت سے ہی تنازع چل رہا تھا۔ ارباب نیاز کے خاندان، کئی سماجی و سیاسی شخصیات اور پشاور ہائی کورٹ میں درخواست گزاروں نے اس کی مخالفت کی تھی۔ موقف تھا کہ سرکاری قواعد کے مطابق کسی زندہ شخص کے نام پر سرکاری جگہ کا نام نہیں رکھا جا سکتا، 

اور ایک بار نام رکھنے کے بعد 50 سال تک تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ یہ معاملہ پشاور ہائی کورٹ میں بھی زیر سماعت رہا۔ حتیٰ کہ عمران خان نے خود بھی اس وقت اس فیصلے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا کہ زندہ شخص کے نام پر اسٹیڈیم کا نام نہ رکھا جائے۔

اب کیا ہوگا؟

موجودہ حکومت نے پرانا نام بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حتمی نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اسٹیڈیم کو دوبارہ سرکاری طور پر ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم، پشاور کہا جائے گا۔

Related Articles


Back to top button