12واں وائس ایڈمرل ایچ ایم ایس چوہدری گولف کپ 19 نومبر سے لاہور میں شروع ہوگا
لاہور: ملک بھر کے بہترین امیچور گالفرز رواں ہفتے لاہور میں ایکشن میں دکھائی دیں گے جہاں بارہواں وائس ایڈمرل ایچ ایم ایس چوہدری امیچور گالف کپ 2026 کل 19 نومبر سے ڈیفنس رایا گالف اینڈ کنٹری کلب میں شروع ہو رہا ہے۔
22 نومبر تک جاری رہنے والی اس باوقار چیمپئن شپ میں پاکستان کے صفِ اول کے امیچور کھلاڑی شرکت کریں گے جبکہ مقابلے امیچور، سینئر امیچور اور لیڈیز کیٹیگریز میں منعقد ہوں گے۔
لاہور میں میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سینٹرل پنجاب رئیر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے ایونٹ کے فارمیٹ پر روشنی ڈالی اور ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ کھیلوں کے ذریعے صحت مندانہ مقابلوں اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کی سرپرستی کی ہے، جس کی بدولت ایچ ایم ایس چوہدری امیچور گالف کپ آج پاکستان کے ممتاز ترین امیچور گالف ٹورنامنٹس میں شمار ہوتا ہے۔
چیمپئن شپ میں مقابلوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے لیے سخت ہینڈی کیپ شرائط رکھی گئی ہیں۔ مین امیچور ڈویژن میں 10 یا اس سے کم ہینڈی کیپ کے حامل گالفرز تین روزہ سخت مقابلے میں شریک ہوں گے
جو 54 ہولز پر مشتمل ہوگا، جس میں کھلاڑی روزانہ 18 ہولز کھیلیں گے۔ یہ فارمیٹ ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کے تسلسل، اعصاب پر قابو اور جسمانی استعداد کا کڑا امتحان لے گا۔
دوسری جانب سینئر امیچور سیکشن میں 14 یا اس سے کم ہینڈی کیپ والے گالفرز حصہ لیں گے۔ اس کیٹیگری کے کھلاڑی دو دنوں میں 36 ہولز پر مدمقابل ہوں گے، جہاں تجربہ، حکمتِ عملی اور کورس مینجمنٹ کی مہارت فیصلہ کن کردار ادا کرے گی۔
خواتین گالفرز کو بھی اس نمایاں پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا ہے، جس کے تحت لیڈیز کیٹیگری میں 24 یا اس سے کم ہینڈی کیپ رکھنے والی کھلاڑی شریک ہوں گی۔ 18 ہولز پر مشتمل یہ مقابلہ پاکستان کے گالف منظرنامے میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شمولیت اور مضبوطی کو اجاگر کرے گا۔