Games

کھیلوں میں کھویا ہوا مقام واپس پانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا: عارف سعید

کھیلوں میں کھویا ہوا مقام واپس پانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا: عارف سعید

اولمپک میڈلز کے حصول کے لیے بھاری سرمایہ کاری اور 'پوڈیم پروگرام' وقت کی اہم ضرورت ہے: طیب اکرام

لاہور: پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے صدر عارف سعید نے ایشین گیمز اور اولمپکس میں زیادہ سے زیادہ میڈلز جیتنے کے لیے ’ٹیم پاکستان‘ کے جذبے کے تحت ایک نئے قومی کھیلوں کے وژن پر زور دیا ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کے لیے قومی اتحاد، بھاری سرمایہ کاری اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا اجتماعی عزم ناگزیر ہے۔

ایشین گیمز کے میڈلسٹس کے اعزاز میں پی او اے کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف سعید نے کہا کہ کھلاڑیوں، کوچز، فیڈریشنز اور سابق اسٹارز کو ایک پرچم تلے جمع ہونا ہوگا۔ 

تقریب میں انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے صدر طیب اکرام، پی او اے کی سینئر نائب صدر فاطمہ لاکھانی، سیکرٹری جنرل خالد محمود، اولمپیئن طاہر زمان، چوہدری یعقوب،

 ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی، سلمان اقبال بٹ، کرنل وسیم جنجوعہ سمیت میڈلسٹس غلام مصطفیٰ بشیر (شوٹنگ) اور عاصم خان (جیو جتسو) نے شرکت کی۔

عارف سعید نے گزشتہ دہائیوں میں پاکستان کے میڈلز کی گرتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ 1954 سے 1974 تک پاکستان نے 95 اور 1978 سے 2002 تک 87 میڈلز جیتے، 

تاہم 2006 سے 2026 کے دوران یہ تعداد کم ہو کر محض 34 رہ گئی، جس کی بڑی وجہ 2006 کے بعد پاکستان اسپورٹس بورڈ کی فنڈنگ میں کمی ہے۔

انہوں نے باکسنگ (61 میڈلز)، ایتھلیٹکس اور ریسلنگ پر خصوصی توجہ دینے اور مستحق کھلاڑیوں کے لیے میرٹ پر اسکالرشپ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کیا۔ 

ایتھلیٹکس فیڈریشن کی معطلی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جنرل باڈی کے اس فیصلے کی انہوں نے مخالفت کی تھی اور فیڈریشن کو رکنیت کی بحالی کے لیے درخواست دینی چاہیے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر صدر پی او اے نے کہا کہ عالمی سطح پر کھیلوں کی کارکردگی ایک قومی ذمہ داری ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز عوام کو جوابدہ ہیں۔ 

انہوں نے فیڈریشنز، اداروں، کھلاڑیوں اور نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ ملک کی کھیلوں کی ساکھ بحال کرنے اور مستقبل کی ایشیائی و اولمپک کامیابیوں کے لیے ایک مضبوط بنیاد رکھنے کے لیے ’ٹیم پاکستان‘ کے وژن کے تحت مل کر کام کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام نے کہا کہ کھیلوں کی دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، لاس اینجلس اولمپکس 2028 کی تیاری کے لیے پاکستان کو فوری طور پر ایک الگ ’وزارتِ کھیل‘ قائم کرنی چاہیے اور میڈل جیتنے کی صلاحیت رکھنے والے کھلاڑیوں کے لیے ’پوڈیم پروگرام‘ شروع کرنا ہوگا۔

پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب نے محدود وسائل کے باوجود شاندار کارکردگی پر کھلاڑیوں کو سراہا اور جدید ٹریننگ سہولیات و ہاسٹلز کی ضرورت پر زور دیا۔ 

پی او اے کی سینئر نائب صدر فاطمہ لاکھانی نے 2002 کے بعد ایشین گیمز میں پاکستان کے سب سے زیادہ میڈلز اور والی بال ٹیم کے تاریخی میڈل کو کھلاڑیوں کی محنت کا ثمر قرار دیا۔

اس موقع پر جیو جتسو کے میڈلسٹ عاصم خان نے کھلاڑیوں کے معاشی مسائل اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزر بسر کے لیے صبح مارکیٹ میں کام کرتے ہیں اور شام کو ٹریننگ کرتے ہیں۔ 

دوسری جانب سلمان اقبال بٹ نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی انجری کے بعد بحالی کے لیے مکمل سرپرستی جاری رکھنے کا مطالبہ کیا، جس پر صدر پی او اے نے واضح کیا کہ ارشد ندیم کو بیرونِ ملک ٹریننگ کے لیے مکمل آزادی اور سہولت فراہم کی گئی ہے۔

Related Articles


Back to top button