ٹٰینس

پٹایا آئی ٹی ایف ماسٹرز: رشید ملک جرمن پارٹنر کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئے

پٹایا آئی ٹی ایف ماسٹرز: پاکستان کے رشید ملک جرمن پارٹنر کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گئے

لاہور: پاکستان کے نامور سینئر ٹینس کھلاڑی اور سابق ڈیوس کپ پلیئر رشید احمد ملک نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں جاری آئی ٹی ایف ماسٹرز ایم ٹی 700 ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

روائل کلف ہوٹل میں کھیلے جا رہے اس عالمی ایونٹ کے مینز 55 پلس ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں رشید ملک اور ان کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے پارٹنر ایکسل ہیمپے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اس جوڑی نے چوتھے سیڈ مانٹینیگرو کے محمد محمودوچ اور بھارت کے بالان رامداس پر مکمل برتری حاصل کی اور باآسانی 6-3 اور 6-2 سے شکست دے کر اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔ یہ یکطرفہ مقابلہ صرف ایک گھنٹہ اور 20 منٹ تک جاری رہا۔

رشید ملک نے اپنے وسیع تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بہترین کورٹ اویرنس، درست شاٹ میکنگ اور ٹیکنیکل مہارت کا مظاہرہ کیا اور حریف سیڈ کھلاڑیوں کو مکمل بے بس کر دیا۔ جرمن پارٹنر کے بھرپور تعاون کے ساتھ انہوں نے پورے میچ پر گرفت مضبوط رکھی اور سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کی۔

دوسری جانب مینز 55 پلس سنگلز کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کے خرم امتیاز بدقسمتی سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ انہیں ٹاپ سیڈ نیوزی لینڈ کے گائلز ڈی گوی نے یکطرفہ مقابلے کے بعد 1-6 اور 1-6 سے ہرا دیا۔ شکست کے باوجود ٹورنامنٹ میں خرم امتیاز کی مجموعی کارکردگی قابل تعریف رہی اور انہوں نے گزشتہ راؤنڈز میں بہترین کھیل پیش کیا تھا۔

پاکستانی سینئر ٹینس دستے نے ٹورنامنٹ میں شرکت اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی ممکن بنانے پر دی بینک آف پنجاب، لاہور جمخانہ کلب، جے ڈی ڈبلیو گروپ، ریوائیو بائی گیٹوریڈ اور جمال پولیمرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے جن کی فراخدلانہ اسپانسرشپ اور مستقل حمایت ان کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

Related Articles


Back to top button