سمیر افتخار کا ایوارڈ کب ملے گا؟ باپ کی وزیراعظم سے اپیل
سابق ڈیوس کپ کھلاڑی کی وزیراعظم سے بیٹے سمیر افتخار کے التوا کا شکار ایکسیلنس ایوارڈ پر مداخلت کی اپیل
اسلام آباد( نواز گوہر ) پاکستان کے سابق ڈیوس کپ کھلاڑی طیب افتخار نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے صاحبزادے سمیر افتخار کے التوا کا شکار ایوارڈ کیس میں ذاتی طور پر مداخلت کریں،
جن کی مجوزہ "پرائم منسٹرز ایوارڈ برائے تعلیمی و کھیلوں کی شاندار کارکردگی" کے لیے نامزدگی پاکستان ٹینس فیڈریشن کی مثبت رپورٹ کے باوجود تاحال حتمی فیصلے کی منتظر ہے۔
طیب افتخار نے حکومت پر زور دیا ہے کہ سمیر کی غیر معمولی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔ انہوں نے اپنے بیٹے کے سفر کو عزم، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کی ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ مالی اور دیگر چیلنجز کے باوجود ایک کھلاڑی بیک وقت اعلیٰ تعلیم اور پروفیشنل اسپورٹس دونوں میدانوں میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق طیب افتخار نے نومبر 2025ء میں وزیراعظم آفس سے رجوع کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے پر سمیر افتخار کے لیے قومی سطح پر اعتراف کی درخواست کی تھی۔
وزیراعظم آفس کی ہدایت پر پاکستان ٹینس فیڈریشن نے مبینہ طور پر مثبت جواب جمع کرا دیا تھا، تاہم طیب افتخار کا مؤقف ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایوارڈ پر غور کے لیے درکار سمری رپورٹ تاحال آگے نہیں بڑھائی۔
واضح رہے کہ سابق اے ٹی پی پروفیشنل اور پاکستان ڈیوس کپ کھلاڑی سمیر افتخار نے امریکا میں اپنے ٹینس کیریئر کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی شاندار کامیابیاں سمیٹیں۔
انہوں نے امریکی یونیورسٹی میں چار سالہ اسپورٹس اسکالرشپ کے دوران بیک وقت دو ڈگریاں — بیچلر آف فلاسفی اور ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن حاصل کیں اور دونوں پروگرامز میں 4.00 میں سے بالترتیب 3.96 اور 3.98 جی پی اے حاصل کر کے غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اس کے علاوہ سمیر افتخار کو 2015ء میں "ماؤنٹین ویسٹ اسکالر ایتھلیٹ آف دی ایئر" کے باوقار اعزاز اور 2,500 امریکی ڈالر کی پوسٹ گریجویٹ اسکالرشپ سے بھی نوازا گیا، جو امریکی ڈویژن ون یونیورسٹی اسپورٹس سسٹم کے سینکڑوں تعلیمی اداروں کے نمایاں کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے۔
سابق ڈیوس کپ کھلاڑی طیب افتخار نے کہا کہ سمیر کو مجوزہ وزیراعظم ایوارڈ سے نوازنا محض ایک فرد کا اعزاز نہیں ہوگا بلکہ اس سے ملک کے محنتی اور گمنام ہیروز کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
انہوں نے کہا: "سمیر جیسے کھلاڑی ملک کے نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔ ان کا سفر ثابت کرتا ہے کہ عزم، حوصلے، توجہ اور وقت کے بہترین استعمال کے ذریعے اعلیٰ ترین سطح پر کھیلنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی میدان میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔"
طیب افتخار نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف اس معاملے کا فوری نوٹس لیں گے اور متعلقہ حکام کو التوا کا شکار عمل مکمل کرنے کی ہدایت جاری کریں گے
تاکہ سمیر افتخار کی خدمات کو شایانِ شان قومی اعتراف مل سکے، جس سے آنے والی نسلوں کو بھی تعلیم اور کھیل دونوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔