آسڑیلیا کیخلاف سیریز، پی سی بی اہم شخصیات کو مدعو کریگا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 24 سال بعد آسٹریلیا کے تاریخی دورے کو یادگار بنانے کیلئے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق ٹیسٹ سیریز کے تین وینیوز پر اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا، ٹیسٹ سیریز کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے اعلیٰ حکومتی شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا۔اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 24 برس پہلے آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے والے کرکٹرز کو بھی بلایا جائے گا، سابق کرکٹرز کو راولپنڈی ، کراچی اور لاہور کے ٹیسٹ میچز میں بلایا جائے گا۔ذرائع نے کہا کہ تاریخی دورے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ جلد مہم شروع کرے گا، پاکستان سپر لیگ سیون کی وجہ سے تاحال زور و شور سے یہ مہم شروع نہیں کی جاسکی ہے۔خیال رہے کہ کچھ روز قبل آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے 18 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے جبکہ اسٹیو اسمتھ نائب کپتان ہوں گے۔

error: Content is protected !!