آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ، فائنل میں آج دفاعی چیمپئن انگلینڈ کا آسڑیلیا سے ٹکرائو

آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں آج دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور آسڑیلیا کے درمیان ٹکرائو ہونے جا رہا ہے، آسڑیلیا کی ویمنز ٹیم اب تک چھ مرتبہ عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا اعزاز اپنے نام کرچکی ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم چار مرتبہ عالمی کپ اپنے نام کیا ہے، اگر آج آسڑیلیا کی ٹیم جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ ریکارڈ ساتویں مرتبہ ہوگا کہ آسڑیلوی خواتین عالمی اعزاز جیتیں گی جبکہ دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم جس نے 2017 میں لاڈرز کے میدان میں بھارت کو شکست دیکر جو اعزاز اپنے نام کیا تھا پرعزم ہے کہ وہ آج اس کا دفاع کریگی، آسڑیلیا کی ٹیم اب تک عالمی کپ کے فائنل میں صرف ایک مرتبہ شکست سے دوچار ہوئی ہے اور یہ شکست اسے میزبان نیوزی لینڈ نے 2000 کے فائنل میں دی تھی جبکہ اسی سال انگلینڈ کی ٹیم کی کارکردگی بدترین رہی تھی اور اس نے پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی

 

آج ہونے والے فائنل میچ میں اگر آسڑیلیا کی نائب کپتان راچیل ہینز 27 رنز سکور کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو وہ ایک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے والی کھلاڑی بن جائیں گی ان سے قبل یہ ریکارڈ نیوزی لینڈ کی بیٹر ڈیبی ہوکلے کے پاس ہے جنہوں نے 1997 میں 455 رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا، دوسری جانب آج ہونے والے فائنل میچ میں انگلینڈ کی سوبیہ ایسلٹن کو ایک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کیلئے مزید چار شکار درکار ہیں ان سے قبل ایک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ آسڑیلیا کی بائولر لیان فلسٹون کے پاس ہے جو انہوں نے 1982 میں 23 وکٹیں حاصل کرکے قائم کیا تھا۔

error: Content is protected !!