پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے آل راؤنڈر شعیب ملک کی طنزیہ ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یاری دوستی سب کیساتھ ہونی چاہیے۔
ایشیا کپ کے فائنل کے بعد دبئی میں پریس کانفرنس کے دوران جب ثقلین مشتاق سے شعیب ملک کی ٹوئٹ سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا اس پر میں کیا ردعمل دوں، آپ کی یاری دوستی ہر کسی کے ساتھ ہونی چاہیے یا دشمنی ہونی چاہیے؟
انہوں نے گفتگو میں کہا میرا یہ ماننا ہے کہ ہم زمین پر رہتے ہیں تو کرکٹ یا کسی اور ڈپارٹمنٹ میں یاری دوستی تو ہر کسی سے ہونی چاہیے، خالی دو یا چار پانچ قریبی لوگوں سے نہیں ہونی چاہیے ۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے مزید کہا مجھے نہیں معلوم یہ کس قسم کی ٹوئٹ ہے اور میں اس کا کیا جواب دوں؟ خیال رہے کہ شعیب ملک نے پاکستان کی ایشیا کپ میں شکست کے بعد اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ہم دوستی، پسند اور نا پسند کے کلچر سے کب باہر نکلیں گے؟ اللہ ہمیشہ ایمانداروں کی مدد کرتا ہے۔