محمد نواز اور خوشدل شاہ مستقل مزاجی نہیں دکھا پائے، شاہد آفریدی

قومی ٹیم کے سابق سٹار آل رائونڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ہاردک پانڈیا جیسے آل رائونڈر کی ضرورت ہے۔ اپنے ایک بیان میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ گرین شرٹس کے پاس خوشدل شاہ، محمد آصف، محمد نواز اور شاداب خان جیسے کھلاڑی موجود ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی ہاردک پانڈیا کی طرح مستقل مزاجی نہیں دکھا پایا، جس طرح ہاردک پانڈیا نے بھارت کے لیے دکھائی ہے۔سابق پاکستانی کپتان کے مطابق ہمارے پاس ہاردک پانڈیا جیسے فنشر نہیں ہیں

 

ہم سمجھتے تھے کہ خوشدل اور محمد آصف ایسا کرپائیں گے لیکن وہ نہیں کرپائے، محمد نواز اور شاداب خان بھی مستقل مزاجی نہ دکھاپائے، ہمیں کم ازکم ایسے 2 کھلاڑیوں کی ضرورت ہے جو مستقل مزاجی کے ساتھ پرفارم کریں۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ شاداب کی بولنگ بہت ضروری ہے، جس دن شاداب گیند کا اچھا استعمال کرتے ہیں اس روز پاکستان جیت جاتا ہے۔بوم بوم آفریدی نے انگلینڈکے خلاف بقیہ ٹی ٹونٹی میچز میں آل رائونڈر عامر جمال کو بھی آزمانے کا مشورہ دیا۔ آفریدی کے مطابق ہم جس طرح کی پچز پر کھیل رہے ہیں ایسے وقت میں آپ کو دو فاسٹ بولر اور ایک آل رائونڈر کی ضرورت ہے، ہم نئے کھلاڑی عامر جمال کو کیوں نہیں کھلا رہے؟ عامر سے بولنگ اور بیٹنگ کروانی چاہیے تاکہ ہمیں پتہ چل سکے کہ عامر جمال کس قسم کا کھلاڑی ہے۔

تعارف: newseditor