ٹی ٹوئنٹی رینکنگ، محمد رضوان کی پہلی پوزیشن برقرار

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی، جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر حارث رئوف کی ترقی ہوئی ہے۔پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رئوف کی رینکنگ میں دو درجے ترقی ہوئی ہے وہ رینکنگ میں 14 ویں نمبر پر آگئے جبکہ بابر اعظم چوتھے سے رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔آئی سی سی کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کے محمد رضوان کا بیٹرز میں پہلا نمبر برقرار ہے، انہوں نے نمبر ون پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا ہے

 

ان کے رینکنگ پوائنٹس 825 سے بڑھ کر 861 ہو گئے ہیں۔بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو دوسرے نمبر پر پہنچ گئے جبکہ جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم چوتھے نمبر پر چلے گئے۔انگلینڈ کے ہیری بروک اور بین ڈکٹ کی رینکنگ میں 8 درجے ترقی ہوئی ہے، بروک 29 ویں اور بین ڈکٹ 32ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ پہلے نمبر پر ہیں، جنوبی افریقا کے تبریز شمسی دوسرے اور انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان چوتھے اور سری لنکا کے وانندو ہسارنگا پانچویں نمبر پر آگئے ہیں، قومی ٹیم کے شاداب خان 16 ویں اور شاہین شاہ آفریدی 24 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

تعارف: newseditor