ٹینس کے ٹیلنٹ کوفروغ دینے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور انٹرنیشنل ٹینس سٹار اعصام الحق میں ایم او یو پر دستخط

ٹینس کے ٹیلنٹ کوفروغ دینے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور انٹرنیشنل ٹینس سٹار اعصام الحق میں ایم او یو پر دستخط ہوگئے ہیں، بدھ کے روز مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور اعصام الحق نے دستخط کئے،ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن بھی موجود تھے

اس موقع پرپریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب کے بہترین ٹیلنٹ کو سٹار بنانے کے پروگرام پر عمل شروع کردیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹینس اکیڈمی کے بہترین کھلاڑیوں کو اعصام الحق اور انکی ٹیم تربیت دیگی، انٹرنیشنل ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ ایم او یو کرنے پر ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا شکرگزار ہوں، خواہش ہے کہ بین الاقوامی سطح پر ٹینس کے کھیل میں پاکستان کا نام روشن ہو، ملک کی محبت میں کم عمر کھلاڑیوں کی کوچنگ کا کوئی معاوضہ نہیں لے رہا

ایس(ACE)اکیڈمی کیلئے ملک بھر سے 400کھلاڑیوں کے ٹرائلز سے 16کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا ہے کہ اعصام الحق پاکستان کے نمبر ون اورانٹرنیشنل ٹینس سٹار ہیں، ٹینس کیلئے ان کے جذبے اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اعصام الحق اور انکی ٹیم صبح کے وقت نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے انٹرنیشنل ٹینس کورٹس میں کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے

اعصام الحق کے ساتھ ایم او یو کرنے کا مقصد ٹینس کھیل کو فروغ اور نئے کھلاڑی تیار کرنا ہے، اعصام الحق سے ایک سال کا معاہدہ کیا ہے جس میں توسیع ہوتی رہے گی، ٹینس کے فروغ کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے اکیڈمی قائم کی ہے جس میں کھلاڑیوں کو ماہر کوچز تربیت دے رہے ہیں، اس اکیڈمی کے ٹاپ کھلاڑیوں کو فوکس کریں گے اور ان کو عالمی مقابلوں کے لئے تیار کریں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے سٹار بنانے کیلئے کم عمرکھلاڑیوں پر کام شروع کردیا ہے، نیا ٹیلنٹ آگے لانے کیلئے مختلف کھیلوں کی اکیڈمیز قائم کردی ہیں، کرکٹ اور اتھیلٹکس کی اکیڈمیز بھی جلد قائم کررہے ہیں، کسی بھی کھیل کا ٹیلنٹ ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

انٹرنیشنل ٹینس سٹار اعصام الحق نے کہا ہے کہ ملک کیلئے ٹینس کے نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کی خواہش پر سپورٹس بورڈ پنجاب سے ایم او یو کیا ہے، یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ ٹینس کے نئے ٹیلنٹ کے تربیت کے لئے ایک سالہ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، ہم چیمپئن تیار کرنے کی بنیاد رکھ رہے ہیں، پاکستان کا نمبر ون کھلاڑی ہونے کے ناطے نئے کھلاڑی تیار کروں گا، جو سہولیات مجھے اور عقیل خان کو نہیں ملیں وہ اپنی نئی نسل کو دینے کا خواہشمند ہوں، تین سے چار سالوں میں ہمارے کھلاڑی ایشیئن اور بین الاقوامی ایونٹس میں حصہ لیں گے۔

error: Content is protected !!