پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ کے دو تین بیٹرز ایسے ہیں جو جلد پاکستان کی نمائندگی کریں گے، بولنگ میں بھی ٹیلنٹ ہے، مڈل آرڈر میں مسائل ہیں، مڈل آرڈر کو پتہ نہیں کیا نظر لگی ہوئی ہے، وہ بھی جلد سیکھ جائیں گے، پہلا سال مشکل ہوتا ہے۔چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئیڈیل تو یہی ہے کہ پی ایس ایل کی ایمرجنگ کیٹیگری میں پی جے ایل کے کھلاڑی منتخب ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں انہیں موقع نہیں بھی دیا جاتا تو ان کے پاس کئی ایک مواقع ہیں
انڈر 19 سیریز کے علاوہ انڈر 19 ورلڈ کپ کھیلیں گے اور فرسٹ کلاس الگ کیریئر ہے، میں کہتا ہوں کہ اب اگر دس سال کے بچے نے بھی کرکٹ کو پروفیشن بنانا ہے تو اس کے پاس کئی آپشنز ہیں۔رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان جونیئر لیگ کو دو تین سال دیں یہ ورلڈ کلاس پروڈکٹ پیدا کرے گی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی جے ایل دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی لیگ ہے، جس کا مقصد بچوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا تھا تا کہ وہ ایک دوسرے سے سیکھیں، نوجوان کھلاڑیوں کو پریشر میں کھیلنے کی عادت پڑے گی تو ان کھلاڑیوں کو اعتماد ملے گا۔