وزیراعظم پاکستان کی جانب سے انتظامی امور میں نااہلی اور کرپشن کے الزامات کی بنیاد پر سابقہ ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کرنل ریٹائرڈ آصف زمان کی برطرفی کے موقع پر پی ایس بی کے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور تمام ملازمین جناح سٹیڈیم میں اکٹھے ہوئے اور یوم تشکر منایا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد خان نے پی ایس بی ملازمین سے خطاب کیا اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمن مزاری کا پیغام تمام ملازمین کو پہنچایا کہ مشکل کے دن ختم ہو گئے اب ملازمین کے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا ۔تمام ملازمین نے بھرپور تالیوں سے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وفاقی سیکٹری IPC کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ۔
ڈپٹی جی منصور صاحب نے مزید کہا کہ اب ہمیں بھرپور طریقے سے ادارے کی ترقی کیلئے دن رات کام کرنا ہے کیونکہ مشکل کے بادل چھٹ گئے ہیں ان کی تائید میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے افسران ڈپٹی ڈی جی شاہد اسلام۔قراۃ العین سائیکالوجسٹ ۔اکرم بھٹی اکاؤنٹ آفیسر ایمپلائز یونین کے سیکرٹری جنرل انجم شہزاد گجر اور اشتیاق احمد نے بھی خطاب کیا اس موقع پر ریٹائرڈ ملازمین میں آغا امجداور اعظم ڈار نے بھی منسٹر صاحب کا شکریہ ادا کیا۔