پاکستان نے اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ فارمیوو ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ جیت لیا

پاکستان نے اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے مسلسل دوسری مرتبہ فارمیوو ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ جیت لیا ہے۔پاکستان کی میزبانی میں کھیلا گیا آن لائن ویسپا ورلڈ یوتھ اسکریبل کپ 2022 پاکستان کے 16 سالہ علی سلیمان نے جیت لیا۔پوائنٹس کی بنیاد پر بھارتی کھلاڑی مادھو کامتھ Madhav Kamath دوسری اور پاکستانی ہی کے حشام ہادی خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

فارمیوو گیسٹ ہاؤس میں کھیلے جانے والے والے فائنل میں ٹاپ ٹین کھلاڑیوں نے 14 گیمز کھیلے، علی سلمان نے 10 گیمز جیتے اور 850 کے اسپریڈ اسکور کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کیا۔بھارت کے مادھو گوپال کامتھ نے بھی 9 گیمز جیتے لیکن وہ 800 اسپریڈ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔پاکستان کے حشام ہادی خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی، پوائنٹس کے اعتبار سے پاکستانی ٹیم پہلے نمبر پر رہی۔مجموعی طور پر پاکستان نے چوتھی بار ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ٹورنامنٹ میں 16 ممالک کے 86 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔

ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن طارق پرویز کا کہنا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ نہایت غیر متوقع رہا ہے جس میں سری لنکا اور بھارتی کھلاڑی شروع سے حاوی رہے لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے آخری راؤنڈز میں اپنی کارکردگی دکھاتے ہوئے کھیل میں واپس آئے اور چیمپین شپ اپنے نام کرلی۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر فارمیوو منصور علی خان کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ پاکستان میں ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اسکریبل جیسے ذہنی کھیلوں کا فروغ ان کی اولین ترجیح رہا ہے۔

error: Content is protected !!