انگلینڈ روانگی سے قبل نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی سے قومی ویمن کرکٹرز نے لاہور میں ملاقات کی ہے۔اس موقع پر ملالہ یوسفزئی کے شوہر عصر ملک بھی موجود تھے جبکہ ویمن کرکٹرز میں سدرا امین، ڈیانا بیگ اور طوبیٰ حسن موجود تھیں۔انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار منیجر عائشہ جلیل کے ہمراہ شامل ہوئیں۔ویمن کرکٹرز نے ملالہ یوسفزئی کو دستخط شدہ شرٹ پیش کی اور انہیں قومی ویمن ٹیم کی جیکٹ بھی دی گئی۔ملالہ یوسفزئی نے ویمن کرکٹرز کا مزید کامیابیوں کے لیے حوصلہ بڑھایا اور آنے والے ورلڈ کپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ پریکٹس کرتی رہیں اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں۔ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ اس بات پر یقین رکھیں کہ اگر آپ نے ماضی میں کیا ہے تو آپ اب بھی کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنے کھیل کو جتنا ہوسکتا ہے انجوائے کریں، چیلنج کو قبول کرنا سیکھیں، کامیابی ملے گی۔ملالہ یوسفزئی نے مزید کہا کہ بچیاں ویمن کرکٹرز کو ٹی وی پر دیکھتی ہیں تو ان میں شوق بڑھتا ہے۔اس موقع پر عصر ملک نے کہا کہ ہم دونوں کو کرکٹ کا بہت شوق ہے، کوشش کریں گے کہ آپ کو ورلڈکپ کے دوران دیکھنے کے لیے آئیں۔