فٹبال ورلڈ کپ کی جیت کا جشن منانے میں مصروف ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی سمیت 5 کھلاڑی حادثے سے بال بال بچ گئے۔ورلڈ کپ 2022 کی فاتح ٹیم ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا۔اس دوران کھلاڑیوں کو لے کر چلنے والی بس کے چاروں اطراف دور دور تک شائقین ارجنٹینا کے جھنڈے لہراتے اور ٹیم کے ہمراہ جیت کا جشن مناتے ہوئے نظر آئے۔اس موقع پر بس کے اوپر ورلڈ کپ ٹرافی تھامے لیونل میسی اور دیگر کھلاڑی بجلی کے تار سے بال بال ٹکراتے ہوئے بچے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق لیونل میسی کو بعدازاں اس واقعے پر ہنستے ہوئے دیکھا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو فیفاورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس کو پنالٹیز پر شکست دے کر ارجنٹینا تیسری مرتبہ فٹبال کا عالمی چیمپئن بن گیا تھا۔